Monday, 27 July 2026, 07:35:29 am
 
ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کا اجلاس، مون سون کی تیاریوں کا جائزہ
July 26, 2026

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر قائم ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں قومی ہنگامی امدادی ادارے کے ہیڈ کوارٹرز میں ہوا، جس میں مون سون 2026ء کے دوران قومی تیاریوں اور مربوط ردعمل کے نظام کا جائزہ لیا گیا۔

منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کے وزیر احسن اقبال نے اجلاس کی آن لائن صدارت کی۔

کمیٹی نے صوبائی ہنگامی اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کی تیاریوں اور ان سے متعلق اقدامات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا۔

صوبائی نمائندوں نے امدادی سامان کی دستیابی، ہنگامی مواصلاتی نظام، شہریوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کے منصوبوں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری اور مختلف اداروں کے درمیان رابطوں کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ دریاؤں میں سیلاب کی مجموعی صورتحال معمول کے مطابق ہے اور اس وقت بڑے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ محفوظ سطح پر ہے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی مون سون کے دوران رابطوں کو مزید مؤثر بنانے، تیاریوں کو بہتر کرنے اور انسانی جانوں، ذریعۂ معاش اور اہم بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کے لیے مربوط اور مؤثر نظام یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔