Sunday, 26 July 2026, 11:10:07 pm
 
شواہد نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور بھارت کا گٹھ جوڑ بے نقاب کر دیا، وزیر اطلاعات
July 26, 2026

وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تحقیقات سے آزاد کشمیر میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور بھارت کے درمیان گٹھ جوڑ بے نقاب ہوگیا ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے نتیجے میں بھارت سے منسلک ایسے ڈیجیٹل نیٹ ورک کا انکشاف ہوا جس کا مقصد سوشل میڈیا پر منظم مہم کے ذریعے پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرنا تھا۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل سیکیورٹی اداروں نے ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی خدمات فراہم کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم کی فراہم کردہ ڈیجیٹل خدمات کا تعلق بھارت سے تھا اور پاکستان مخالف مواد کی تشہیر کے لیے ادائیگیاں بھی بھارت سے کی جاتی تھیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ تحقیقات کے دوران ایسے بوٹ فارمز کے نیٹ ورک کا بھی انکشاف ہوا جو غلط معلومات پھیلانے اور پاکستان، اس کی خودمختاری، حکومت، مسلح افواج، آرمی چیف اور ریاستی اداروں کے خلاف مواد کی تشہیر کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار مشتبہ شخص نے انکشاف کیا کہ اسے موصول ہونے والے مواد کا ایک بڑا حصہ آزاد کشمیر میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی سرگرمیوں سے متعلق تھا۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کشمیر کے نصب العین کو نقصان پہنچانے اور کشمیری عوام اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو کمزور کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کمیٹی کا کشمیری عوام کے مفادات یا مسئلہ کشمیر سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اگر اس کے ارکان مخلص ہیں تو انہیں انتخابات میں حصہ لے کر جمہوری عمل کا حصہ بننا چاہیے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں اس گروپ کے پرتشدد مظاہروں کے نتیجے میں کشمیری پولیس اہلکار شہید ہوئے اور امن و امان کی صورتحال متاثر ہوئی۔  انہوں نے کہا کہ اس گروپ کی سرگرمیاں بھارت سے منسلک ہیں اور حکومت کے پاس اس سلسلے میں ناقابلِ تردید شواہد موجود ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ کشمیری عوام نے تشدد اور سازش کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان اور کشمیر کے درمیان تعلقات کو نہ تو توڑا جا سکتا ہے اور نہ ہی کمزور کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار مشتبہ شخص سے تحقیقات جاری ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ غلط معلومات کی روک تھام حکومت کی ذمہ داری ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان عالمی امن کا بھرپور حامی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ملک کے وقار اور بین الاقوامی ساکھ میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اظہارِ یقین کیا کہ پاکستان ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رکھے گا۔