پاکستان اور قازقستان نے اعلیٰ تعلیم، سائنسی تحقیق اور جدت طرازی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے الفارابی قازق نیشنل یونیورسٹی میں قازقستان-پاکستان ریسرچ سینٹر کے قیام پر اتفاق کیا ہے۔
یہ معاہدہ قازقستان کے شہر الماتے میں پاکستان کی وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر اور الفارابی قازق نیشنل یونیورسٹی کے مینجمنٹ بورڈ کے چیئرمین و ریکٹر پروفیسر ژانسیت توئیمبایف کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران ہوا۔
دونوں فریقین نے اس اقدام پر مرحلہ وار عمل درآمد کے لیے ایک لائحہ عمل تیار کرنے پر بھی اتفاق کیا اور تعلیمی روابط، تحقیقی عمدگی اور جدت پر مبنی تعاون کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔