Sunday, 26 July 2026, 11:09:39 pm
 
امریکی کانگریس ارکان نے امریکہ ، ایران ثالثی کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا
July 26, 2026

امریکی کانگریس کے ارکان مائیکل بامگارٹنر اور رائن زنکے نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے بڑھتے ہوئے سفارتی کردار، خصوصاً امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوششوں کو سراہا ہے۔

اسلام آباد کے دورے کے دوران پاکستان ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کانگریس کے رکن مائیکل بامگارٹنر نے امریکہ اور ایران کے درمیان سفارت کاری میں پاکستان کے مثبت کردار اور غزہ کے حوالے سے اس کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط اور کاروباری تعلقات بھی فروغ پا رہے ہیں اور اب پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات صرف سیکیورٹی تک محدود نہیں رہے بلکہ دیگر شعبوں تک بھی پھیل رہے ہیں۔

کانگریس کے رکن رائن زنکے نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کے درمیان مضبوط رابطہ موجود ہے۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ اس وقت پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات اپنی مضبوط ترین سطح پر ہیں۔