صدر آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے پوری قوم، خصوصاً علمائے کرام، ذرائع ابلاغ اور نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ یومِ عاشور کے حقیقی پیغام کو اجاگر کریں اور مختلف مسالک کے درمیان احترام، رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دیں۔
عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ واقعہ کربلا محض ایک تاریخی سانحہ نہیں بلکہ ایک ابدی پیغام اور رہنمائی کا ہمیشہ زندہ رہنے والا سرچشمہ ہے۔
اپنے پیغام میں وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ یومِ عاشور اسلامی تاریخ کا ایک نہایت اہم اور سبق آموز دن ہے، جو انسانیت کو ایمان، صبر، استقامت اور ایثار کی بے مثال تعلیمات کا سبق دیتا ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ نے اپنے کردار اور عمل سے ثابت کیا کہ حق، انصاف اور انسانی وقار کے تحفظ کے لیے جان قربان کر دینا، ظلم، ناانصافی اور باطل کے سامنے سر جھکانے سے کہیں بہتر ہے۔