Friday, 26 June 2026, 06:19:14 pm
 
وزیراعظم کا ہر قسم کے تشدد کے خاتمے کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ
June 26, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے غیر ملکی قابض قوتوں کی جانب سے ریاستی جبر کے ہتھکنڈے کے طور پر تشدد کے منظم استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

تشدد کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ فلسطین اور بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے عوام قابض حکام کے ہاتھوں ریاستی جبر، بدترین تشدد اور غیر انسانی و توہین آمیز سلوک کا مسلسل سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ ایسے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کا احتساب یقینی بنائیں اور تشدد کے متاثرین کے تحفظ کے لیے مؤثر اور بامقصد بین الاقوامی تعاون کو فروغ دیں۔

وزیراعظم نے ہر قسم کے تشدد کے خاتمے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔