سَلیم رَضا
ایک عَہد، جو شاید ابھی تک ناتمام ہے
(بَرسی کی مناسبت سے خُصوصی تحریر)
اُس کا پیدائشی نام نوئل ڈیاس (Noel Dias) تھا۔ مَسیحی گھرانے میں پیدا ہونے والا یہ اَمرتسری خوش گُلو نوجوان جب بَٹوارے کے بعد لاہور آکر مقیم ہوا تو اُس نے گُلوکاری کے اپنے شوق کی تکمیل کے لیے ماسٹر صادِق علی کی شاگِردی اختیار کی۔
وہی پیدائشی نابینا ماسٹر صادق علی جو اپنی اُنگلیوں سے پیانو کے پردوں پر سُروں کے چراغ رَوشن کر دیتا تھا۔بڑے بڑے فلمی موسیقار اس کی پیانو پر اپنی دُھنیں سیدھی کرواتے تھے۔اُس جیسا اعلیٰ پائے کا پیانو نواز اِس دھرتی پر شاید ہی کوئی اور گُزرا ہو۔
پاکستان میں پَنپنے والی مذہبی رَواداری کا عالَم دیکھیں کہ ایک مَسیحی گھرانے میں پیدا ہونے والا یہ گُلوکار قریب قریب دو دَہائیوں پر مُحیط اپنے فَنّی سفر میں ریڈیو پاکستان، پاکستان ٹیلی وژن اور پاکستانی فِلمی صَنعت کی آنکھ کا تارا بنا رہا۔ اُس کے گائے ہوئے مَحض ایک فِلمی گیت ’یارو مُجھے مُعاف رکھو‘ کے ایک لاکھ سے زائد گراموفون ریکارڈ (تھالیاں) فَروخت ہوئے، جس پر گراموفون ریکارڈنگ کمپنی نے اُسے چاندی کی ایک خُصوصی ڈِسک (Silver Disc) بطورِ اِعزاز پیش کی۔
اگر پاکستان نے اُسے مَحبّت دی تو اُس نے بھی مَحبّت کا جواب مَحبّت ہی سے دیا۔ اُسے یہ اِعزاز بھی حاصِل ہے کہ جنگِ ستمبر ۱۹۶۵ء کے دوران سب سے زیادہ مِلّی نغمے اُسی نے گائے۔
مِلّی نغمات کے مُحقّق اَبصار احمد کے مُطابِق ۱۳ ستمبر ۱۹۶۵ء کو، جب سیالکوٹ کے مَحاذ پر جنگ جاری تھی، اُسے کِشور ناہید کا تحریر کردہ مِلّی نغمہ ’اے اہلِ سیالکوٹ، تُم کو مِرا سلام‘ ریکارڈنگ کے لیے دیا گیا۔ اُس وقت اُس کا جَواں سال بیٹا بِسترِ مَرگ پر تھا۔ ایک طرف لَختِ جِگر کی زِندگی کا سوال تھا اور دوسری طرف وَطن کی پُکار۔ وہ اپنے بیٹے کو بِسترِ مَرگ پر چھوڑ کر نغمہ ریکارڈ کرانے ریڈیو پاکستان لاہور پہنچا۔ جب وہ گھر لَوٹا تو اُس کا بیٹا دُنیا سے رُخصت ہو چکا تھا۔ اِس جاں گُداز صَدمے کے باوجود اُس کے جذبۂ حُبّ الوَطنی میں کمی نہ آئی اور وہ دوبارہ ریڈیو اسٹیشن پہنچ گیا۔
آج اُسی نوئل ڈیاس کی ۴۳ویں بَرسی ہے، جسے دُنیائے موسیقی سَلیم رَضا کے نام سے جانتی ہے۔ وہی سَلیم رَضا جس نے ’جاں بَہاراں، رَشکِ چَمَن‘ کے ایک ایک لَفظ کو ایسی صِحّتِ تلفُّظ کے ساتھ گایا کہ ایک عالَم کو وَرطۂ حَیرت میں مُبتلا کر دیا تھا۔
نوئل ڈیاس ۴ مارچ ۱۹۳۲ء کو غیر مُنقسم پنجاب کے شہر اَمرتسر میں پیدا ہوئے۔ قیامِ پاکستان کے بعد اُن کے اہلِ خانہ پاکستان مُنتقل ہوگئے۔ پاکستانی موسیقی ، ادب اور ثقافت پر لکھنے والے اِفتخار مرزا نے اُن کے خاندان کا تعلّق کوٹ رادھا کِشن کے نواح میں واقع کلارک آباد سے بتایا ہے۔ (بحوالہ: اِفتخار مرزا، ’سلیم رضا‘، مراسلہ، روزنامہ ’ڈان‘، ۲۵ نومبر ۲۰۱۸ء)۔ نوئل ڈیاس نے لاہور میں سُکونت اختیار کی اور یہیں سے اپنے فَنّی سفر کا آغاز کیا۔
اگرچہ نوئل ڈیاس کا تعلّق کسی روایتی موسیقی کے گھرانے سے نہیں تھا، تاہم موسیقی سے فِطری لگاؤ کے باعث اُنہوں نے ماسٹر صادِق علی، اُستاد عاشق حسین اور دیگر جَیّد موسیقاروں سے اِکتسابِ فَن کیا۔ بِالخُصوص ماسٹر صادِق علی نے اُن کی فَنّی شخصیت کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کیا اور اُنہیں موسیقی کی عَملی تربیت کے ساتھ ساتھ اُس کے نَظری اَسرار و رُموز سے بھی آشنا کیا۔
اِبتدا میں نوئل ڈیاس نجی مَحفلوں میں گا کر اپنا گُزر بسر کیا کرتے تھے۔ ۱۹۵۴ء میں ایک ایسی ہی مَحفل میں اُن کی گائیکی نے ریڈیو پاکستان لاہور کے ایک پروڈیوسر کو مُتاثّر کیا، جس نے اُنہیں ریڈیو سے گانے کا موقع فراہم کیا۔ یہاں اُنہوں نے سَلیم رَضا کے نام سے ایک غیر مُستقل فَن کار (Casual Artiste) کی حیثیت سے اپنی گائیکی کا آغاز کیا۔ ابھی اُنہیں ریڈیو پاکستان سے گاتے ہوئے کوئی چھ ماہ ہی گُزرے تھے کہ اُن کی مَخملیں آواز نے فِلمی موسیقاروں کو بھی اپنی جانب مُتوجّہ کر لیا۔
معروف موسیقار غُلام احمد چشتی، المعروف بابا چشتی، وہ شخص تھے جنہوں نے سَلیم رَضا کو پاکستانی فِلمی دُنیا سے مُتعارف کرایا۔ یوں ریڈیو پاکستان سے اُبھرنے والی یہ آواز دیکھتے ہی دیکھتے پاکستانی فِلمی موسیقی کی پہچان بن گئی۔
۲۱جنوری ۱۹۵۵ء کو اَنور کمال پاشا کی ہدایتکاری میں بننے والی فِلم ’قاتل‘ نُمائش کے لیے پیش ہوئی، جس میں ماسٹر عنایت حسین کی موسیقی میں قتیل شفائی کا تحریر کردہ گیت ’آتے ہو یاد بار بار، کیسے تمہیں بھلائیں ہم‘ سَلیم رَضا کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔ دستیاب فِلمی ریکارڈ کے مُطابِق یہ سَلیم رَضا کا پہلا فِلمی گیت تھا جو پاکستانی پردۂ سیمیں کی زینت بنا۔
اِسی برس ۲۴ مئی کو سیّد عطا اللہ شاہ ہاشمی کی ہدایتکاری میں بننے والی فِلم ’نوکر‘ بھی نُمائش پذیر ہوئی، جس میں بابا چشتی کی موسیقی میں سَلیم رَضا اور کوثر پروین کا گایا ہوا دوگانا ’تقدیر کے مالِک دیکھ ذرا‘ شامل تھا۔ (بحوالہ: ڈاکٹر امجد پرویز، ’سَلیم رَضا — اے میلوڈیئس وائس‘، روزنامہ ’ڈیلی ٹائمز‘، جون ۲۰۱۶ء؛ پاکستان فِلم میگزین)
تاہم سَلیم رَضا کی فَنّی زِندگی میں ۱۹۵۷ء ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، کیوں کہ اِس برس فِلم ’سات لاکھ‘ کے لیے رشید عَطرے کی موسیقی میں سیف الدّین سیف کا تحریر کردہ گیت ’یارو مُجھے مُعاف رکھو‘ اُن کی آواز میں پاکستانی سامعین کو سُننے کو ملا۔ اِس گیت کے ایک لاکھ سے زائد گراموفون ریکارڈز فَروخت ہوئے، جس پر گراموفون کمپنی نے سَلیم رَضا کو چاندی کی ایک خُصوصی ڈِسک بطورِ اِعزاز پیش کی۔ پاکستانی فِلمی موسیقی کی تاریخ میں یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد واقعہ تھا۔ (بحوالہ: سعید ملک، ’پاپولر پلے بیک سنگر سَلیم رَضا رِی مَمبرڈ‘، روزنامہ ’بزنس ریکارڈر‘، ۲۶ نومبر ۲۰۰۵ء)
اِسی برس فِلم ’نورِ اسلام‘ کے لیے حسن لطیف کی موسیقی میں نعیم ہاشمی کی تحریر کردہ نعت ’شاہِ مدینہ، یثرب کے والی‘ بھی سَلیم رَضا کی غیر معمولی شُہرت کا باعث بنی۔ ایک مَسیحی گھرانے میں پیدا ہونے والے گُلوکار کی آواز میں نعتیہ کلام کی اِس قدر پذیرائی مذہبی رَواداری کا ایک خُوب صورت مظہر تھی۔
سَلیم رَضا کی فَنّی عظمت کا اندازہ اِس اَمر سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ اُنہوں نے اپنے عَہد کے دو نامور گُلوکاروں، عنایت حسین بھٹّی اور احمد رُشدی کے لیے بھی پسِ پردہ گائیکی کی۔ ۱۹۵۹ء میں پنجابی فِلم ’کرتار سنگھ‘ کے لیے سَلیم اِقبال کی موسیقی میں اُنہوں نے ہیر وارث شاہ سے مُنتخب کلام ’رَبّ اِک بُجھارت، رَبّ اِک گورکھ دھندا‘ گایا، جسے عنایت حسین بھٹّی پر فلمایا گیا۔ اِسی طرح ۱۹۶۴ء میں فِلم ’جھلک‘ میں احمد رُشدی نے تان سین کا کردار ادا کیا تو خلیل احمد کی موسیقی میں ریحان کے تحریر کردہ کلاسیکی گیت ’مَن مندر میں لے انگڑائی‘ کے لیے سَلیم رَضا کی آواز کا انتخاب کیا گیا۔ (بحوالہ: پاکستان فِلم میگزین، فِلم ’کرتار سنگھ‘، ۱۹۵۹ء؛ فِلم ’جھلک‘، ۱۹۶۴ء)
۱۹۵۷ء سے ۱۹۶۵ء تک کا زمانہ سَلیم رَضا کے فَنّی عُروج کا زمانہ قرار دیا جاتا ہے؛ انہی سالوں میں خُورشید اَنور، فیروز نِظامی، ماسٹر عنایت حسین، رشید عَطرے اور دیگر جَیّد موسیقاروں نے اُن کی آواز سے بھرپور اِستفادہ کیا۔ بِالخُصوص اپنے عَہد کے دو نامور فِلمی اداکاروں اور حقیقی بھائیوں، سَنتوش کمار اور دَرپن، کے لیے اکثر گیتوں میں سَلیم رَضا کی آواز کا اِنتخاب کیا جاتا تھا۔
سَلیم رَضا کے مقبولِ عام فِلمی نغمات میں ’زِندگی میں ایک پَل بھی چَین آئے نہ‘ (ہم سفر)، ’کہیں دو دِل جو مِل جاتے‘ (سہیلی)، ’جاں بَہاراں، رَشکِ چَمَن‘ (عذرا)، ’یہ ناز، یہ انداز، یہ جادو، یہ ادائیں‘ (گلفام)، ’تُجھ کو معلوم نہیں، تُجھ کو بھلا کیا معلوم‘ (جب سے دیکھا ہے تمہیں)، ’میرے دِل کی اَنجمن میں‘ (قیدی)، ’اے دِل کسی کی یاد میں ہوتا ہے بے قرار کیوں‘ (اِک تیرا سہارا) اور ’حُسن کو چاند، جوانی کو کَنول کہتے ہیں‘ (پائل کی جھنکار) سرفہرست ہیں۔
فِلمی دُنیا کی بے پناہ مَصروفیات کے باوجود سَلیم رَضا نے ریڈیو پاکستان سے اپنا تعلّق برقرار رکھا۔ معروف گُلوکار اور موسیقی کے مُحقّق ڈاکٹر امجد پرویز لکھتے ہیں کہ ساٹھ کی دہائی میں جب وہ ریڈیو پاکستان لاہور جایا کرتے تھے تو اکثر سَلیم رَضا کو موسیقی کے اسٹوڈیو میں ہارمونیم پر غزلوں کی دُھنیں مرتّب کرتے دیکھتے تھے۔ اُن کے ساتھ پیٹرک طبلے پر اور سراج احمد قُریشی سِتار پر سَنگت کیا کرتے تھے۔ ریڈیو پاکستان لاہور کی نامور صَداکارہ موہنی حمید، جنہیں ایک زمانہ آپا شمیم کے نام سے جانتا تھا، سے بھی سَلیم رَضا کے برادرانہ مراسم تھے۔
۲۴نومبر ۱۹۶۴ء کو لاہور سے پاکستان ٹیلی وژن کی نشریات کا آغاز ہوا تو سَلیم رَضا اِس نئے ذرِیعۂ اِبلاغ سے بھی وابستہ ہوگئے۔ ڈاکٹر امجد پرویز، جو خود بھی پاکستان ٹیلی وژن کی اِبتدائی نشریات میں حصّہ لیتے رہے، کے مُطابِق اشفاق احمد کی موسیقی کی مَحفل ’نِکھار‘، جس کے پروڈیوسر رفیق وڑائچ تھے، میں سَلیم رَضا کی گائیکی کو خاصی پذیرائی حاصل ہوئی۔ بِالخُصوص اُن کی پیش کردہ غزل ’اے دِل کسی کی یاد میں ہوتا ہے بے قرار کیوں‘ کو بہت پسند کیا گیا۔ (بحوالہ: ڈاکٹر امجد پرویز، ’سَلیم رَضا — اے میلوڈیئس وائس‘، روزنامہ ’ڈیلی ٹائمز‘، ۱۰ جون ۲۰۱۶ء)
۶ستمبر ۱۹۶۵ء کو پاک بھارت جنگ چھڑنے پر معروف شاعر ناصِر کاظمی اور سَلیم رَضا اُن اہلِ فَن میں شامل تھے جو سب سے پہلے ریڈیو پاکستان لاہور پہنچے اور بِلا مُعاوضہ اپنی خدمات پیش کرنے کا اعلان کیا۔ مِلّی نغمات کے مُحقّق اَبصار احمد کے مُطابِق سترہ روزہ جنگ کے دوران سب سے زیادہ مِلّی نغمات ریکارڈ کرانے کا اِعزاز سَلیم رَضا ہی کو حاصل ہوا۔اُن کے گائے ہوئے جنگی نغمات میں درج ذیل بِالخُصوص قابلِ ذِکر ہیں:
* ’اے ہوا کے راہیو، بادلوں کے ساتھیو‘ (محمود شام)
* ’تکبیر سے فَضا کو جگاتے ہوئے بڑھو‘ (اِحسان دانش)
* ’آزاد ہیں ہم، آزاد ہیں ہم‘ (قابل اَجمیری)
* ’اے میرے زِندہ و پائندہ وطن، پاک وطن‘ (سیف الدّین سیف)
* ’یہ دیس میرا دیس‘ (یوسف ظفر)
* ’اے وطن، میرے وطن، پیارے وطن‘ (قتیل شفائی)
* ’ہر مَحاذِ جنگ پر ہم لڑیں گے بے خطر‘ (ناصِر کاظمی)
* ’توحید کے مَتوالو، باطِل کو مِٹا دیں گے‘ (حبیب جالب)
* ’جنگ کے میداں تیرے صحنِ چَمَن سے کم نہیں‘ (اختر شیرانی)
* ’مشرقی بنگال کے آتش بجانوں کو سلام‘ (شورش کاشمیری)
* ’زِندہ رہے گا، سیالکوٹ تو زِندہ رہے گا‘ (ناصِر کاظمی)
* ’اے اَرضِ سیالکوٹ، تم کو مِرا سلام‘ (کِشور ناہید)
میجر عزیز بھٹّی شہید (نشانِ حیدر) کو ناصِر کاظمی کے تحریر کردہ نغمے ’تو ہے عزیزِ مِلّت، نشانِ حیدر‘ کی صورت میں خراجِ عقیدت پیش کرنے کا اِعزاز بھی سَلیم رَضا ہی کو حاصل ہوا۔
سیالکوٹ کے شہریوں کی جُرأت و اِستقامت کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے سَلیم رَضا کی آواز میں ناصِر کاظمی کا تحریر کردہ نغمہ ۱۷ ستمبر کو ریڈیو پاکستان لاہور سے نشر ہوا، جب کہ کِشور ناہید کا تحریر کردہ نغمہ ۱۹ ستمبر کو نذرِ سامعین کیا گیا۔ (بحوالہ: اَبصار احمد، ’گیت بنے ہتھیار‘، روزنامہ ’جنگ‘، ستمبر ۲۰۲۲ء)
سَلیم رَضا کو اُن کی فَنّی خدمات کے اِعتراف میں ۱۹۶۰ء اور ۱۹۶۳ء میں نِگار ایوارڈ، ۱۹۶۰ء میں مُصوّر ایوارڈ، ۱۹۶۲ء میں اسکرین لائٹ ایوارڈ اور ۱۹۶۸ء میں سوشل سروسز ایوارڈ سے نوازا گیا۔ جنگِ ستمبر ۱۹۶۵ء کے دوران نُمایاں خدمات پر بھی اُنہیں خُصوصی اِعزاز عطا کیا گیا، جب کہ ۱۹۶۶ء میں پاکستان آرٹس کونسل لاہور نے معیاری موسیقی کی تخلیق اور فَروغ کے لیے اُن کی خدمات کے اِعتراف میں اُنہیں طِلائی تَمغا پیش کیا۔ (بحوالہ: سعید ملک، ’پاپولر پلے بیک سنگر سَلیم رَضا رِی مَمبرڈ‘، روزنامہ ’بزنس ریکارڈر‘، ۲۶ نومبر ۲۰۰۵ء)
سَلیم رَضا کی فَنّی ہمہ گیری کا عالَم یہ تھا کہ اُنہوں نے اُردو اور فارسی آمیز گیتوں، غزلوں، نعتیہ کلام اور قَوّالیوں کے علاوہ پنجابی زبان کی گائیکی میں بھی اپنے فَن کا مُظاہرہ کیا۔ اُنہیں اُردو اور پنجابی، دونوں زبانوں کی گائیکی میں یکساں مَلَکہ حاصِل تھا۔ موسیقی کے مُحقّق سعید ملک کے مُطابِق قریب قریب دو دَہائیوں پر مُحیط اپنے فِلمی سفر میں اُنہوں نے لاہور، کراچی اور ڈھاکا میں بننے والی تین سو سے زائد فِلموں کے لیے چھ سو سے زائد گیت ریکارڈ کرائے۔ (بحوالہ: سعید ملک، ’پاپولر پلے بیک سنگر سَلیم رَضا رِی مَمبرڈ‘، روزنامہ ’بزنس ریکارڈر‘، ۲۶ نومبر ۲۰۰۵ء)
۱۹۷۰ء کے بعد کے برسوں میں فِلمی موسیقی کے بدلتے ہوئے رُجحانات اور نئے گُلوکاروں کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے ساتھ سَلیم رَضا کی فِلمی مَصروفیات رفتہ رفتہ کم ہونے لگیں۔ ڈاکٹر امجد پرویز کے مُطابِق سَنتوش کمار اور دَرپن کی فِلمی مقبولیت میں کمی بھی سَلیم رَضا کی فِلمی مَصروفیات میں کمی کا ایک بڑا سبب بنی، کیوں کہ فِلم بینوں کی رائے میں سَلیم رَضا کی آواز اِنہی دو اداکاروں کی شخصیات سے خاص مُوافقت رکھتی تھی اور اُنہی پر خُوب جچتی تھی۔ دوسری جانب مَہدی حسن کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیشِ نظر فِلمی موسیقار ایسی دُھنیں مرتّب کرنے لگے جو بِالخُصوص اُن کے اندازِ گائیکی اور آواز کے زیر و بَم سے مطابقت رکھتی تھیں۔ (بحوالہ: ڈاکٹر امجد پرویز، ’سَلیم رَضا — اے میلوڈیئس وائس‘، روزنامہ ’ڈیلی ٹائمز‘، جون ۲۰۱۶ء)
بالآخر ۱۹۷۵ء میں سَلیم رَضا اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ کینیڈا کے شہر وینکوور مُنتقل ہوگئے۔ وہاں بھی اُنہوں نے موسیقی سے اپنا رشتہ برقرار رکھا۔ اُنہوں نے موسیقی کا ایک تربیتی اِدارہ قائم کیا، جہاں وہ ایشیائی نژاد کینیڈین باشندوں کو برِّصغیر کی موسیقی کی تعلیم دیا کرتے تھے۔ اِس کے علاوہ وہ کینیڈا کے مختلف شہروں میں مُنعقد ہونے والی موسیقی کی نجی مَحفلوں میں بھی شریک ہوتے رہے۔
زِندگی کے آخری برسوں میں سَلیم رَضا گُردوں کے عارضے میں مُبتلا ہوگئے۔ ڈاکٹر آصف جاوید نے قتیل شفائی کی آپ بیتی کے حوالے سے لکھا ہے کہ جب قتیل شفائی کی کینیڈا میں سَلیم رَضا سے ملاقات ہوئی تو اُن کے گُردے ناکارہ ہو چکے تھے اور وہ ڈائیلاسِس کے عمل سے گُزر رہے تھے۔ اِس عِلالت کے باوجود وہ موسیقی کی تدریس کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھے۔ (بحوالہ: ڈاکٹر آصف جاوید، ’دی ٹریجڈی آف سَلیم رَضا‘، پاکستان لِنک، ۱۹ دسمبر ۲۰۱۴ء)
سَلیم رَضا کی اہلیہ کا نام موڈ ڈیاس (Maud Dias) تھا۔ ایک غیر مصدّقہ سوانحی حوالے کے مُطابِق اُن کے پَسماندگان میں اُن کی اہلیہ کے علاوہ دو صاحبزادیاں، جِل ڈیاس اور عذرا ڈیاس، اور ایک صاحبزادے، ڈیو ڈیاس، شامل تھے۔ جنگِ ستمبر ۱۹۶۵ء کے دوران اُنہیں اپنے ایک جَواں سال بیٹے کی وفات کا صَدمہ بھی برداشت کرنا پڑا تھا۔
۲۵نومبر ۱۹۸۳ء کو مَحض ۵۱ برس کی عُمر میں سَلیم رَضا اِس جہانِ فانی سے رُخصت ہوگئے۔ وینکوور کے ماؤنٹین ویو قبرستان کے تدفینی ریکارڈ میں اُن کا نوئل ڈیاس نام، ۲۶ نومبر ۱۹۸۳ء کی تاریخِ تدفین اور ۵۱ برس عُمر کا اندراج موجود ہے۔ ایک غیر ملکی نشریاتی ادارے کی ایک تحریر میں اُن کی تبدیلیٔ مذہب کا بھی ذِکر ملتا ہے، تاہم اِس ضمن میں کوئی مُستند دستاویزی شہادت تاحال سامنے نہیں آئی اور وینکوور کا تدفینی ریکارڈ بھی بظاہر اس امر کی تائید نہیں کرتا۔واللہ اعلم بالصواب
نوئل ڈیاس دِیارِ غیر کی مٹّی میں آسودۂ خاک ہوگئے، مگر سَلیم رَضا آج بھی پاکستان کے موسیقی کے دلدادہ افراد کی یادوں میں زِندہ ہیں۔ اُن کی آواز پاکستانی موسیقی کے اُس عہدِ زرّیں کی یادگار ہے، جس کے نغموں کی تازگی کو گردشِ ایّام بھی ماند نہیں کر سکی۔
آج بھی جب اُن کی آواز کہیں ’جاں بَہاراں، رَشکِ چَمَن‘ کی صورت میں گونجتی ہے تو گُمان گُزرتا ہے کہ سَلیم رَضا کا عَہد ابھی تمام نہیں ہوا۔ وہ ایک ناتمام عَہد کی صورت میں آج بھی پاکستانیوں کے حافِظے میں محفوظ ہیں۔
ریڈیو پاکستان اپنے اِس سابق ساتھی، پاکستانی موسیقی کے عہدِ زرّیں کے اِس رَوشن باب، سَلیم رَضا کو اُن کی بَرسی کے موقع پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔
تحریر: سعید احمد شیخ، ڈی جی ریڈیو پاکستان