وہ پاکستان کی فلم انڈسٹری کے پہلے ‘گریجویٹ موسیقار’ کہلوائے جاتے ہیں ۔اُن کے بارے میں علم الموسیقی کے نقادوں کی متفقہ رائے یہی رہی ہے کہ وہ کسی بھی گیت کی دُھن ترتیب دیتے ہوئے ، اپنی طبیعت کی حساسیت کے سبب ،گیت نگار کا کرب اور درد اپنی ذات پر طاری کر لیتے تھے ۔
پاکستان کی فلم انڈسٹری کا ایک انتہائی مقبول گیت اُن کی اسی ذاتی وصف کے سبب مسندِ شہود پر منتقل ہوا۔ تفصیل کچھ یوں ہے کہ ۱۹۵۰ء کی دہائی کے اوائل میں ایک قدرے گم نام گیت نگار مشیر کاظمی پولیس کانسٹیبل کی مُلازمت چھوڑ کر فلمی گیت نگاری میں قسمت آزمانے کی غرض سے علی پور (مظفرگڑھ ) سے لاہور آئے۔ اِبتدا میں حسبِ توقُّع کام نہ ملا اور نوبت فاقوں تک آن پہنچی۔
مشیر کاظمی خود روایت کرتے ہیں کہ ایک رات وہ کھلے آسمان تلے بان کی چارپائی پر لیٹے تھے۔ کئی دنوں سے فاقہ کشی چل رہی تھی اور بھوک کی وجہ سے نیند آنکھوں سے کوسوں دُور تھی۔ چاندنی رات کے شہر کے سناٹے میں بے اِختیار یہ بول اُن کے لبوں پر آ گئے:
چاندنی راتیں
سب جگ سوئے، ہم جاگیں
تاروں سے کریں باتیں
چاندنی راتیں
تکتے تکتے ٹوٹی جائے
آس پیا نہ آئے رے
شام سویرے درد انوکھے
اُٹھیں جیا گھبرائے رے
راتوں نے میری نیند لوٹ لی
دل کے چین چرائے
دُکھیا آنکھیں ڈھونڈ رہی ہیں
وہی پیار کی گھاتیں
چاندنی راتیں
پچھلی رات میں ہم اُٹھ اُٹھ کر
چپکے چپکے روئیں رے
سکھ کی نیند میں میت ہمارے
دیس پرائے سوئیں رے
دل کی دھڑکنیں تجھے پکاریں
آ جا بالم، آئی بہاریں
بیٹھ کے تنہائی میں کر لیں
دُکھ سُکھ کی دو باتیں
چاندنی راتیں
مشیر کاظمی نے یہ گیت کاغذ پر اتارا اور اگلی صبح اپنے بھوک سے رات بھر جاگنے کے پورے پس منظر کے بیان کے ساتھ فیروز نظامی کے حوالے کر دیا۔ فیروز نظامی بھی صاحبِ درد انسان تھے ؛ انہوں نے بھی مشیر کاظمی کے کرب و درد کو اپنا ذاتی دُکھ جان کر ان بولوں کیلئے ایسی شاندار دُھن ترتیب دی کہ یہ گیت ۱۹۵۰ء کی دہائی کا مقبول ترین نغمہ بن گیا۔
یہ گیت نورجہاں نے گایا تھا ؛ اپنے بعد کے کسی انٹرویو میں انہوں نے بھی اس گیت کے پس منظر میں مشیر کاظمی کے بھوک سے جاگنے کا واقعہ بیان کیا۔ یہی واقعہ فیروز نظامی کے بیٹے جاوید نظامی نے بھی اپنے ایک انٹرویو میں دُہرایا ۔
۱۹۵۲ء کی فلم ’دوپٹہ‘ میں شامل اِس گیت کے سبب نہ صرف مشیر کاظمی کو فلمی گیت نگاری میں شناخت ملی بلکہ یہی نغمہ فیروز نظامی کی کامیاب موسیقائی کاوشوں میں ایک اہم ترین اضافہ بھی ثابت ہوا ۔ یہ گیت آج بھی پاکستان کے مقبول ترین فلمی گیتوں میں شمار ہوتا ہے۔
اسی گیت کے بعد مشیر کاظمی کا شُمار پاکستان کے ناموَر فلمی گیت نگاروں میں ہونے لگا ۔ بلاشبہ اُن کے بعد میں لکھے گیتوں کے بول بھی دردِ ہجر کی کَسَک اور اپنی سادگیِ زبان کے سبب سیدھے دل میں اُترتے ہیں اور اُن کے بارے میں یہ کہنا بے جا نہیں رہتا کہ فلمی گیت نگاری میں مشیر کاظمی کا مَقام قریب قریب وہی ہے جو غزل و نظم میں ناصر کاظمی کا سمجھا جاتا ہے۔ تاہم اس بات میں بھی کوئی شک نہیں کہ یہ ‘مظفرگڑھی’ گیت نگار شہرت کے آسمان تک فیروز نظامی کے وسیلے سے ہی پہنچا ۔
آج مشیر کاظمی کے اِسی گیت سمیت درجنوں یادگار فلمی نغموں کے موسیقار فیروز نظامی کی ۵۱ویں برسی ہے۔ وہ ۱۵ نومبر ۱۹۷۵ء کو لاہور میں وفات پاگئے تھے اور میانی صاحب کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔ دلچسپ اتفاق یہ ہے کہ مشیر کاظمی بھی اسی برس، ۸ دسمبر ۱۹۷۵ء کو وفات پاگئے؛ یوں اس نغمے سے وابستہ شاعر اور موسیقار دونوں ایک ہی سال دنیا سے رخصت ہوئے۔
فیروز نِظامی کا اَصل نام فیروزُالدّین اَحمد تھا۔ وہ ۱۹۱۰ء میں اَندرونِ بھاٹی گیٹ، لاہور میں پیدا ہوئے۔ اِبتدائی تَعلِیم بھاٹی گیٹ کے اِسلامیہ ہائی اسکول سے حاصل کی۔ یہیں سے میٹرک کا اِمتحان پاس کرنے کے بعد اِسلامیہ کالج، ریلوے روڈ سے ایف اے اور گورنمنٹ کالج، لاہور سے بی اے کیا۔
فیروز نِظامی کو لڑکپن ہی سے موسیقی کا شوق تھا۔ اِسلامیہ کالج میں تَعلِیم کے دوران انہوں نے ایک میوزک سوسائٹی قائم کی۔ ایک سوانحی تحریر کے مطابق اس سوسائٹی کو ایم۔ ڈی۔ تاثیر، پروفیسر سراج الدین آذَر، محمود نِظامی اور فیض اَحمد فیض جیسے اہلِ علم و اَدب کی سرپرستی حاصل تھی۔ اسی ماحول میں ان کی موسیقی سے وابستگی کو فروغ ملا۔
فیروز نِظامی کا تعلق اَندرونِ بھاٹی گیٹ کے ایک نامور گھرانے سے تھا۔ ان کے بھائی سراج نِظامی نے اَدب و صَحافت میں نام پیدا کیا، جب کہ ایک اور بھائی سلطان نِظامی ہومیوپیتھک ڈاکٹر تھے۔ ان کے تیسرے بھائی نذر محمد پاکستان کے نامور کرکٹر تھے۔ نذر محمد کے بیٹے مدثر نذر بھی طویل عرصے تک پاکستان کی کرکٹ ٹیم کا حصّہ رہے۔ ان کے چوتھے بھائی شریف محمد بھی کرکٹر تھے۔
فیروز نِظامی نے فلمی دُنیا سے غیر متعلق ایک گھریلو خاتون، غلام فاطمہ، سے شادی کی جن کے بطن سے اُن کے پانچ بچے پیدا ہوئے۔ فیروز نِظامی کے اِنتقال کے بعد غلام فاطمہ نے بچوں کے ہمراہ لاہور کے بھاٹی چوک کے جوگی محلّے میں کرائے کے ایک مکان میں زندگی گزاری ۔ ان کے بیٹے جاوید نِظامی نے ایک اِنٹرویو میں بتایا کہ ان کے والد نے اپنے بیٹوں کو موسیقی کے شعبے میں آنے سے منع کیا تھا۔
تَعلِیم مکمل کرنے کے بعد فیروز نِظامی نے ۱۹۳۶ء میں آل اِنڈیا ریڈیو سے پروگرام پروڈیوسر کی حیثیت سے عملی زندگی کا آغاز کیا۔ انہوں نے لاہور کے بعد دہلی اور لکھنؤ کے ریڈیو اسٹیشنوں پر بھی خدمات انجام دیں۔
فیروز نِظامی کے خاندان میں موسیقی کو بطور پیشہ اختیار کرنے کا رواج نہیں تھا؛ وہ اس میدان میں قدم رکھنے والے اپنے خاندان کے پہلے اور شاید آخری فرد تھے۔ انہوں نے اپنے شوق کے باعث موسیقی کی باقاعدہ تربیت استاد عبدالوحید خان سے حاصل کی، جو کیرانہ گھرانے کے نامور گائیک تھے۔
فیروز نِظامی ۱۹۴۲ء میں ریڈیو کی مُلازمت اور لاہور کی سکونت چھوڑ کر بمبئی کی فلمی موسیقی کی دُنیا میں جا داخل ہوئے۔ بطورِ موسیقار ان کی پہلی فلم ‘وشواس’ ۱۹۴۳ء میں ریلیز ہوئی۔ اس کے بعد انہوں نے ‘بڑی بات’، ‘اُمنگ’، ‘اِس پار’، ‘شربتی آنکھیں’، ‘نیک پروین’، ‘پتی سیوا’ اور ‘رنگین کہانی’ سمیت متعدد فلموں کے لیے موسیقی ترتیب دی۔
شوکت حسین رضوی کی فلم ‘جگنو’، جس میں نورجہاں اور دلیپ کمار نے مرکزی کردار ادا کیے، فیروز نظامی کے فلمی سفر کا بڑا سنگِ میل بنی۔ فیروز نظامی کی دھنوں میں ‘یہاں بدلا وفا کا بے وفائی کے سوا کیا ہے’، ‘تم بھی بھلا دو، میں بھی بھلا دوں’، ‘ہمیں تو شامِ غم میں کاٹنی ہے زندگی اپنی’ اور ‘اُمّنگیں دل کی مچلیں، مسکرائے زندگی اپنی’ شامل ہیں۔
محمد رفیع کو فلمی دنیا میں متعارف کرانے میں بھی فیروز نظامی کا نام لیا جاتا ہے۔ بمبئی میں انہیں ‘بمبئی کا ماسٹر’ کہا جاتا تھا۔
قیامِ پاکستان کے بعد وہ لاہور آ گئے اور یہاں کی فلمی صنعت سے وابستہ ہو گئے۔ ان کی پاکستانی فلموں میں ‘ہماری بستی’ کا ‘محبت کرنے والوں پر کبھی تو ظلم کم ہوتے’، ‘چن وے’ کے ‘تیرے مکھڑے دا کالا کالا تِل وے، وے منڈیا سیالکوٹیا’، ‘چَنّ دیا ٹُٹّیا وے دِلاں دیا کھوٹیا’، ‘چنگا بنایا ای سانوں کَچ دا کھڈونا’، ‘بچ جا منڈیا موڑ توں، میں صدقے تیری ٹور توں’ اور ‘کسے دی جوانی اُتے، دل ساڈا آ گیا’ شامل ہیں۔ ‘چن وے’ کے دیگر یادگار گیتوں میں ‘جادو کوئی پا گیا’ اور ‘تیرے لونگ دا پیا لشکارا’ بھی شمار ہوتے ہیں۔
فلم ‘دوپٹہ’ کے مقبول گیتوں میں ‘چاندنی راتیں، سب جگ سوئے’، ‘تم زندگی کو غم کا فسانہ بنا گئے’، ‘جگر کی آگ سے اس دل کو جلتا دیکھتے جاؤ’ اور ‘بات ہی بات میں جی، چاندنی رات میں’ کے علاوہ ‘میں بن پتنگ اُڑ جاؤں گی’، ‘میرے من کے راجا، آ جا’ اور ‘کِسے معلوم تھا، تقدیر میں آنسو بہانا ہے’ بھی شامل ہیں۔
فیروز نظامی کی دیگر فلموں میں ‘سوہنی’، ‘انتخاب’، ‘راز’، ‘قسمت’، ‘سولہ آنے’، ‘زنجیر’، ‘منزل’، ‘سوکن’، ‘غلام’ اور ‘سوغات’ شامل ہیں۔ ان فلموں کے معروف گیتوں میں ‘سوہنی’ کا ‘آنکھوں میں رات لیے’ اور ‘ایک چوٹ لگی ہے سینے میں’، ‘انتخاب’ کا ‘دل جھوم جھوم جائے، گیتوں بھری کہانی’، ‘سولہ آنے’ کا ‘روتے ہیں چھم چھم نین’ اور ‘سوکن’ کا ‘اکھاں کجھ ہور تے نگاہواں کجھ ہور نیں’ شامل ہیں۔
فیروز نِظامی کو بجا طور پر پاکستان کے صفِ اوّل کے موسیقاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ان کی دُھن سازی میں کلاسیکی راگ داری اور کیرانہ گھرانے کی تربیت کے ساتھ پنجابی لوک لَے اور نیم کلاسیکی رنگ کے اثرات بھی نمایاں تھے۔ وہ حسبِ ضرورت مغربی موسیقی کے کچھ اَنگ بھی اپنے دُھنوں میں ڈال لیتے تھے ۔ وہ گیت کے بولوں اور اس کے مجموعی مزاج کو سامنے رکھ کر دُھن بناتے، جبکہ سازوں کی ترتیب اور درمیانی دُھنوں پر بھی خاص توجہ رکھتے تھے۔ کلاسیکی اور عوامی موسیقی کے رنگوں کو یکجا کرنے کی صلاحیت نے ان کی دُھنوں کو انفرادیت بخشی۔
فیروز نِظامی کو اپنی علمی قابلیت کے باعث پاکستان کا پہلا ‘گریجویٹ موسیقار’ بھی کہا جاتا ہے۔ موسیقی کے لیے ان کی خدمات کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ وہ دُھن ساز ہونے کے ساتھ علمِ موسیقی پر متعدد کتابوں کے مصنف بھی تھے۔ انہوں نے موسیقی کے نظری اور عملی پہلوؤں پر اردو اور انگریزی، دونوں زبانوں میں تصانیف کیں۔
اردو میں ان کی نمایاں کتاب ‘اسرارِ موسیقی’ ہے، جس میں کلاسیکی موسیقی کے مباحث اس انداز سے پیش کیے گئے ہیں کہ مبتدی طلبہ بھی ان سے فائدہ اٹھا سکیں۔ ایک سوانحی تحریر کے مطابق، یہ کتاب پنجاب یونیورسٹی کے موسیقی کے نصاب میں بھی شامل رہی۔ ‘رموزِ موسیقی’ میں فیروز نِظامی نے فنِ موسیقی کے اصول اور باریکیوں کو واضح کیا؛ اسے بھی موسیقی کے طالب علموں کے لیے ایک رہنما کتاب سمجھا جاتا ہے۔
انگریزی میں انہوں نے ‘اے بی سی آف میوزک’ اور ‘ہسٹری اینڈ ڈیولپمنٹ آف میوزک’ تصنیف کیں۔ پہلی کتاب موسیقی کے بنیادی تعارف سے متعلق تھی، جبکہ دوسری میں موسیقی کی تاریخ اور ارتقا کو موضوع بنایا گیا۔ یہ کتابیں پاکستان کے ابتدائی دور میں موسیقی پر انگریزی زبان میں ہونے والی اہم تصنیفی کوششوں میں شمار ہوتی ہیں۔
فیروز نِظامی نے موسیقی کی تعلیم و تربیت کے لیے الحمرا آرٹس کونسل میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ۱۹۵۷ء میں وہاں موسیقی کی اکیڈمی قائم ہوئی تو اس کی ذمہ داری انہیں سونپی گئی۔ انہوں نے اکیڈمی میں کلاسیں شروع کیں اور کئی برس طلبہ کو موسیقی سکھاتے رہے۔ بعد کے برسوں میں شام کی کلاسیں بھی چلائیں اور معاون خالد انور کے ساتھ نئی نسل تک موسیقی کی تعلیم پہنچائی۔ یوں الحمرا میں ان کا کردار محض کلاسیں لینے تک محدود نہ رہا، بلکہ انہوں نے موسیقی سیکھنے اور سکھانے کی روایت کو آگے بڑھایا۔
زندگی کے آخری برسوں میں تصوف اور روحانیت کی طرف ان کا رجحان بڑھا۔ اسی دور کی تصنیف ‘سرچشمۂ حیات’ کو تصوف و روحانیت سے متعلق کتاب اور ان کے صاحبزادے جاوید نِظامی کے بیان کے مطابق، ان کے روحانی سفر کی روداد کہا گیا ہے۔
وفات سے کچھ عرصہ پہلے انہیں پنجاب آرٹس کونسل میں ڈپٹی ڈائریکٹر مقرر کیا گیا۔ ۱۵ نومبر ۱۹۷۵ء کو لاہور میں ان کا انتقال ہوا اور وہ میانی صاحب کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔
فیروز نِظامی کی میراث ان کی لازوال دُھنوں کے ساتھ ان کتابوں اور تدریسی کام میں بھی محفوظ ہے، جن کے ذریعے انہوں نے موسیقی کا علم اگلی نسل تک پہنچایا۔ ریڈیو پاکستان ان کی برسی کے موقع پر ان کی فنی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔ علمِ موسیقی پر ان کی تصانیف بھی ان کے نمایاں کارناموں میں شمار ہوتی ہیں اور ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
تحریر: سعید احمد شیخ، ڈی جی ریڈیو پاکستان