Saturday, 21 November 2026, 02:12:01 am
 
ریڈیو پاکستان کا ’فیض، (فیض احمد فیضؔ کی برسی کی مناسبت سے خصوصی تحریر)
November 20, 2026

یہ بات شاید بہت کم لوگوں کو معلوم ہو کہ نامور گلوکار مہدی حسن کی کامیابی اور شہرت کے پیچھے ایک بڑا ہاتھ اُن کے اُستاد، اِسماعیل خان کا تھا ۔ وہ رشتے میں مہدی حسن کے چچا تھے، مگر اُنہوں نے فنِ موسیقی کے اُستاد کی حیثیت سے اپنے بھتیجے کی تربیت کے ساتھ ساتھ اُس کے فنی مستقبل کی راہیں متعین کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

اُستاد اِسماعیل خان راجستھان کے معروف کلاونت موسیقار خاندان سے تعلق رکھنے والے دُھرپد گائیک تھے۔ اُنہوں نے موسیقی کی روایتی خانگی تعلیم کے علاوہ پنڈت وشنو نارائن بھاتکھنڈے کے لکھنؤ میں قائم کردہ موسیقی کے معروف ادارے، مارِس کالج آف میوزک، سے بھی اکتسابِ علم کر رکھا تھا۔

بٹوارے کے بعد راجستھان سے پاکستان آنے والے اپنے بھتیجے اور شاگرد مہدی حسن کے لیے، جو ۱۹۵۰ء کی دہائی کے اواخر تک دُنیائے موسیقی میں اپنے قدم جمانے کے لیے سخت تگ و دَو کر رہے تھے، فیض احمد فیضؔ کی اِس غزل کا انتخاب بھی اُستاد اِسماعیل خان ہی نے کیا تھا:

گُلوں میں رنگ بھرے بادِ نَوبہار چلے

چلے بھی آؤ کہ گُلشن کا کاروبار چلے۔۔

قَفَس اُداس ہے یارو صَبا سے کچھ تو کہو

کہیں تو بَہرِ خدا آج ذکرِ یار چلے۔۔۔۔۔

کبھی تو صبح ترے کُنجِ لب سے ہو آغاز

کبھی تو شب سَرِ کاکُل سے مُشک بار چلے

بڑا ہے درد کا رشتہ یہ دل غریب سہی

تمہارے نام پہ آئیں گے غم گُسار چلے

جو ہم پہ گزری سو گزری مگر شبِ ہجراں

ہمارے اشک تری عاقبت سنوار چلے۔۔

حُضورِ یار ہوئی دفترِ جُنوں کی طلب۔۔۔

گِرہ میں لے کے گِریباں کا تار تار چلے

مقامِ فیضؔ کوئی راہ میں جچا ہی نہیں۔۔

جو کُوئے یار سے نکلے تو سُوئے دار چلے

جہاندیدہ اُستاد اِسماعیل خان کی رائے یہ تھی کہ اگر اِس غزل کی دُھن راگ جھِنجھوٹی میں ترتیب دی جائے تو یہ اپنی نسبتاً مشکل فارسی تراکیب، جو عام سامعین کی سمجھ سے بالاتر ہیں، کے باوجود اِس راگ کی جادوئی تاثیر کی بدولت مسحور کُن رہے گی۔ راولپنڈی سازش کیس میں اسیری کاٹ کر رہا ہونے والے انقلابی شاعر فیض احمد فیضؔ کی اِس غزل کے مصرعوں کی اُٹھان کو وہ بخوبی بھانپ چکے تھے۔

چنانچہ اُستاد اِسماعیل خان نے اپنے ایک اور بھتیجے پنڈت غلام قادر، جو مہدی حسن کے بڑے بھائی اور موسیقی کے ممتاز اُستاد تھے، سے اِس غزل کی دُھن راگ جھِنجھوٹی میں تیار کروائی۔ ایک روایت کے مطابق وہ بنفسِ نفیس پنڈت غلام قادر کے ساتھ بیٹھے اور آلاپ لے کر دُھن کی تیاری میں اُن کی رہنمائی کی۔

ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کے ٹھاٹھ کھماج سے تعلق رکھنے والا راگ جھِنجھوٹی اپنی نرم، شیریں اور دِل نشیں کیفیت کی وجہ سے ٹھمری، دادرا اور نیم کلاسیکی گائیکی میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔ محبت، انتظار اور جُدائی کے جذبات کے اظہار میں اِس کی نغمگی کو خاص طور پر مؤثر سمجھا جاتا ہے۔

یہ غزل کب اور کہاں ریکارڈ ہوئی؟ اِس بارے میں موسیقی کے مؤرخین کی آرا مختلف ہیں۔ ایک روایت کے مطابق ۱۹۵۹ء میں ریڈیو پاکستان لاہور میں اِس کی ریکارڈنگ ہوئی، جبکہ بعض نقاد ریڈیو پاکستان کراچی میں سلیم گیلانی(جو بعد میں اس ادارے کے ڈائریکٹر جنرل بھی بنے) کی نگرانی میں اِس کی ریکارڈنگ ہونے کا ذکر کرتے ہیں۔ خود مہدی حسن نے اپنے ایک انٹرویو میں ۱۹۶۲ء کا ذکر کیا تھا۔ تاہم لاہور کا ریڈیو اسٹیشن ہو یا کراچی کا، یہ بات طے ہے کہ ۱۹۶۲ء میں یہ غزل ریڈیو پاکستان کے سینٹرل پروڈکشن یونٹ (سی پی یو) کے ریکارڈ کا حصّہ بن چکی تھی۔

فیض احمد فیضؔ کی اِس غزل کی، مہدی حسن کی آواز میں کی گئی ابتدائی ریڈیائی ریکارڈنگ میں صرف تین ساز استعمال ہوئے تھے: سارنگی، طبلہ اور تان پُورا۔ مگر اپنی تاثیر کی رُو سے اِس غزل کا معاملہ ’وہ آیا، اُس نے دیکھا اور اُس نے فتح کر لیا‘ والا ثابت ہوا۔ اُستاد اِسماعیل خان کی پیش گوئی درست نکلی؛ فیض کے الفاظ، مہدی حسن کی آواز اور راگ جھِنجھوٹی کے آلاپ نے کچھ ایسا جادوئی امتزاج پیدا کیا کہ جہاں جہاں ریڈیو سُنا جاتا تھا، وہاں وہاں کے سامعین اِس غزل کی گرفت میں آتے چلے گئے۔ ریڈیو اسٹیشنوں کو موصول ہونے والے فرمائشی خطوط میں ، زیادہ تر اِس غزل کو سُنوانے کی فرمائشوں پر مشتمل ہوتے تھے۔

اُس زمانے میں ریڈیو پاکستان ملک کا سب سے مؤثر صوتی نشریاتی ذریعہ ہوا کرتا تھا۔ کسی گیت یا غزل کو ریڈیو کی نشریات میں جگہ ملنا ہی غیر معمولی اہمیت رکھتا تھا۔ ریڈیو سے نشر ہونے والی آوازیں گھروں، دکانوں، بیٹھکوں، چائے خانوں اور عوامی محفلوں تک پہنچتی تھیں۔ چنانچہ ’گُلوں میں رنگ بھرے‘ کی ریڈیو پاکستان سے نشریات نے فیض کی شاعری کو ادبی حلقوں سے نکال کر عام سامعین کی زندگی کا حصّہ بنانے میں غیر معمولی کردار ادا کیا۔

اِس غزل کی غیر معمولی تاثیر کا ایک دِل چسپ واقعہ خود مہدی حسن نے ۱۹۹۶ء میں پاکستان ٹیلی ویژن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بھی بیان کیا: اُن کے مطابق وہ فنکاروں کے ایک طائفے کے ساتھ پاکستان کے مختلف شہروں کے دورے پر تھے۔ مردان میں منعقدہ محفلِ موسیقی میں حاضرین نے گلوکاروں کے ساتھ انتہائی توہین آمیز رویہ اختیار کر لیا۔ جو بھی فنکار اسٹیج پر نمودار ہوتا، سامعین شور و غوغا مچا کر اُسے واپس جانے پر مجبور کر دیتے۔

منتظمِ محفل رفیق انور نے مہدی حسن سے کہا کہ اب آپ اسٹیج پر جائیں اور اپنی مشہور غزل سُنائیں۔ مہدی حسن اِس صورتِ حال سے گھبرا رہے تھے کیونکہ اُنہیں قوی اندیشہ تھا کہ دوسرے فنکاروں کی طرح سامعین اُنہیں بھی نہیں سُنیں گے اور اُن پر آوازیں کَسیں گے، تاہم منتظم کے اصرار پر وہ اسٹیج پر پہنچے اور بیٹھ کر آلاپ شروع کیا۔

ابھی آلاپ جاری تھا کہ سامعین کا شور تھمنے لگا۔ پھر اُنہوں نے غزل ’گُلوں میں رنگ بھرے‘ کا مطلع گایا تو پوری محفل پر خاموشی چھا گئی۔ ایک کے بعد دوسرا شعر اور پھر غزل کا مقطع بھی گایا گیا، لیکن حاضرین اِس قدر محو تھے کہ کسی نے شور نہ مچایا۔ مہدی حسن خود بھی سامعین کے اِس غیر متوقع ردِعمل پر حیران رہ گئے۔

اسی انٹرویو میں مہدی حسن نے ایک اور دِل چسپ بات بیان کی کہ اُن کی زندگی میں کئی دفعہ ایسا ہوا کہ سامعین نے اُن سے ’بادلوں بہار‘ والی غزل سُنانے کی فرمائش کی۔ وہ اُنہیں درست لفظ ’بادِ نَوبہار‘ بتاتے تو جواب ملتا کہ الفاظ تو سمجھ میں نہیں آتے، لیکن غزل بہت اچھی لگتی ہے لہذا آپ بس یہ سُنا دیں ۔

مہدی حسن کے مطابق اُنہوں نے اپنے چچا اُستاد اِسماعیل خان سے اِن واقعات کا ذکر کیا تو اُنہوں نے اپنی وہی پُرانی بات دُہرائی کہ اِس غزل کی موسیقی کے سُر سامعین پر گہرا اثر ڈالتے ہیں اور اِس کے اشعار کے الفاظ سمجھ میں نہ بھی آئیں تو یہ غزل اپنا سحر برقرار رکھتی ہے۔

یہ واقعہ اُستاد اِسماعیل خان کی موسیقی شناسی کی تصدیق بھی ہے اور اِس حقیقت کا اظہار بھی کہ فیض کی شاعری، مہدی حسن کی آواز اور راگ جھنجھوٹی کی موسیقی مِل کر ایسی تاثیر پیدا کر چکے تھے جو زبان و بیان کی نزاکتوں سے ناواقف سامعین کو بھی مسحور کر رہی تھی۔

لیکن اِس پوری داستان کا ایک اور اہم پہلو بھی ہے؛ جس غزل نے مہدی حسن کو مُلک گیر مقبولیت عطا کی اور فیض کی شاعری کو لاکھوں نئے سامعین تک پہنچایا، اُس کی شہرت و مقبولیتِ عام کا پہلا بڑا وسیلہ ریڈیو پاکستان بنا تھا۔ اور پھر اِسی مقبولیت نے اِس غزل کے لیے فلمی دُنیا کے دروازے بھی کھول دئیے۔

معروف ہدایت کار خلیل قیصر نے ۱۹۶۴ء میں اپنی فلم ’فرنگی‘ میں فیض احمد فیضؔ کی یہی غزل ’گُلوں میں رَنگ بھرے‘ شامل کر لی۔ موسیقار رشید عطرے نے راگ جھنجھوٹی ہی میں ترتیب دی گئی اِس غزل کی بنیادی دُھن برقرار رکھتے ہوئے اِس کی موسیقی کو فلمی تقاضوں کے مطابق زیادہ بھرپور بنایا۔ وائلن اور دوسرے ساز شامل کیے گئے اور غزل ایک بڑے آرکسٹرا کے ساتھ پیش کی گئی۔ یہ غزل فلم میں معروف اداکار علاؤالدین پر فلمائی گئی۔

گو کہ فلم ’فرنگی‘ میں اِس غزل کی شمولیت نے اِس کی مقبولیت کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا، لیکن اِس حقیقت سے بھی کسی کو انکار نہیں کہ غزل کی شہرت کی بنیاد، فلم کی نمائش سے پہلے ہی، ریڈیو پاکستان رکھ چکا تھا۔

اِس غزل نے مہدی حسن کو بھی شہرت کی نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ اُن کی آواز کی گونج پاکستان سے نکل کر برصغیر کے دوسرے علاقوں تک پہنچنے لگی اور فلمی دُنیا میں بھی اُن کی حیثیت ایک ممتاز غزل گائیک کی بن گئی۔ ایک محفل میں کسی نے فیض احمد فیضؔ سے فرمائش کی کہ آپ مہدی حسن والی مشہور غزل ’گُلوں میں رَنگ بھرے‘ سُنائیں۔ فیض اِس پر بہت محظوظ ہوئے۔ اُن کا کلام مہدی حسن کی آواز سے اِس قدر وابستہ ہو چکا تھا کہ سُننے والے اُسے گلوکار ہی کی شناخت سمجھنے لگے تھے۔

تاہم یہ بات بھی شاید بہت کم لوگوں کو معلوم ہو کہ فیض احمد فیضؔ کا ریڈیو سے تعلق ہندوستان کے بٹوارے سے بھی پہلے کا قائم ہو چکا تھا؛ وہ اُس زمانے میں ریڈیو کے لیے باقاعدہ ڈرامے اور فیچر لکھتے تھے۔ اُن کی ریڈیائی تحریروں میں ’دی احباب‘، ’شکست‘، ’توہینِ عدالت‘، ’پرائیویٹ سیکرٹری‘، ’سانپ کی چھتری‘ اور ’ہوتا ہے شب و روز‘ جیسے ڈرامے شامل تھے۔ اِن میں سے بعض ڈرامے ۱۹۳۸ء اور ۱۹۳۹ء کے دوران لاہور ریڈیو سے نشر ہوئے۔یہ اُس زمانے کی بات ہے جب یہ ادارہ آل انڈیا ریڈیو کہلاتا تھا اور فیض احمد فیضؔ امرتسر کے ایم اے او کالج میں انگریزی کے لیکچرر تھے۔

فیض احمد فیضؔ کو زندگی بھر ریڈیو کے اُس ابتدائی زمانے کی شخصیات یاد رہیں؛ وہ اپنے انٹرویوز میں بتاتے کہ ریڈیو ہی میں اُنہیں سید رشید احمد اور سومناتھ چِب جیسے افسروں کی حوصلہ افزائی حاصل ہوئی۔ سید رشید احمد بعد میں ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہے۔ ڈاکٹر محمد دین تاثیر، صوفی غلام مصطفیٰ تبسّم، مولانا چراغ حسن حسرت اور ہری چند اختر جیسے اہلِ قلم سے بھی فیض کی شناسائی لاہور ریڈیو کی ادبی سرگرمیوں کی وجہ سے بنی۔ دہلی اور لکھنؤ کے ریڈیائی حلقوں سے رابطے کے نتیجے میں اُن کی مجاز، علی سردار جعفری، جاں نثار اختر، جذبی اور مخدوم محی الدین جیسے شاعروں سے شناسائی ہوئی۔ فیض ہمیشہ تسلیم کرتے رہے کہ ادیبوں سے اُن کے روابط قائم کرنے میں ریڈیو کا اہم کردار تھا۔

فیض صاحب کے بقول اُس زمانے میں ریڈیو کے پروگرام صرف متعلقہ افسران ہی نہیں، بلکہ اُن پروگراموں سے وابستہ ادیب اور شاعر بھی مِل جُل کر ترتیب دیتے تھے۔ اَچھوتی باتیں سوچی جاتیں، نئے نئے موضوعات تجویز ہوتے، ڈراموں اور فیچروں کی کئی کئی دن تک ریہرسل ہوتی اور پھر وہ آواز کی صورت میں سامعین تک پہنچتے تھے۔ فیض کے لیے اِس نئی تخلیقی دُنیا کی ہر چیز ہی منفرد تھی۔

اُس زمانے میں ریڈیو محض موسیقی اور خبروں کا ذریعہ نہیں تھا بلکہ ادب کی ترویج کا بھی ایک اہم مرکز تھا۔ ایک طرف مشاعرے اور ادبی گفتگو نشر ہوتی تو دوسری طرف افسانے، ڈرامے اور خصوصی فیچر سامعین کی ادبی تربیت کرتے تھے۔ فیض نے اِسی ماحول میں ریڈیو کی زبان، مکالمے اور آواز کی تاثیر کو قریب سے سمجھا۔

اگست ۱۹۴۷ء میں پاکستان کا قیام عمل میں آیا تو لاہور کا یہی ریڈیو اسٹیشن، ریڈیو پاکستان لاہور بن گیا۔ قیامِ پاکستان کے بعد بھی فیض صاحب کی ریڈیائی تحریروں کا سلسلہ برقرار رہا۔ ۲۱ اپریل ۱۹۴۸ء کو علامہ اقبالؒ کی برسی کے موقع پر ریڈیو پاکستان لاہور سے فیض احمد فیضؔ کا تحریر کردہ خصوصی فیچر ’عالمِ سوز و ساز‘ نشر ہوا۔ یوں ریڈیو کے ذریعے اقبال کے افکار و شاعری کو سامعین تک پہنچانے والوں میں فیض احمد فیضؔ کا نام بھی شامل ہو گیا۔

لیکن حالات کی نیرنگی دیکھیے کہ چند ہی برس بعد اِسی ریڈیو پاکستان کی نشریات میں فیض احمد فیضؔ کا نام ایک بالکل مختلف حوالے سے سامنے آیا۔ ۹ مارچ ۱۹۵۱ء کو وزیراعظم لیاقت علی خان نے راولپنڈی سازش کیس کا اعلان کیا۔ جن افراد کے نام اِس مقدمے کے ضِمن میں سامنے آئے، اُن میں روزنامہ ’پاکستان ٹائمز‘ کے مدیر فیض احمد فیضؔ بھی شامل تھے۔

اِس واقعے کا ایک اور حیرت انگیز پہلو سیاسی مؤرخ حسن ظہیر نے اپنی کتاب ’دی ٹائمز اینڈ ٹرائل آف دی راولپنڈی کنسپیریسی، ۱۹۵۱‘ میں بیان کیا ہے؛ ۹ مارچ کی صبح فیض صاحب کو اُن کی رہائش گاہ سے گرفتار کرکے جب سرگودھا جیل لے جایا گیا تو وہاں جیل سپرنٹنڈنٹ کے دفتر میں اُنہوں نے ریڈیو کی نشریات سے ہی اپنی گرفتاری کی وجہ سُنی۔ اِسی نشریات سے اُنہیں معلوم ہوا کہ اُنہیں کس مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔(بحوالہ: حسن ظہیر، دی ٹائمز اینڈ ٹرائل آف دی راولپنڈی کنسپیریسی، ۱۹۵۱، آکسفرڈ یونیورسٹی پریس، کراچی، ۱۹۹۸ء، ص: ۱۳)

گویا جس ریڈیو کے لیے فیض احمد فیضؔ نے اپنی جوانی میں ڈرامے اور فیچر لکھے تھے، اُسی ریڈیو سے اب وہ اپنی گرفتاری کی وجہ سُن رہے تھے۔ ریڈیو سے اُن کے طویل تعلق کا یہ ایک ایسا غیر معمولی موڑ تھا جس میں ایک ہی نشریاتی ادارہ اُن کی تخلیقی زندگی کے ساتھ ساتھ اُن کی سیاسی زندگی کی تاریخ کا حصّہ بھی بن رہا تھا۔

اِسی مقدمے میں اسیری کے زمانے میں فیض احمد فیضؔ کی شاعری نئے تجربات سے رُوشناس ہوئی اور اُن کے الفاظ نئی معنویت کے حامل بنے۔ اُن کے دَورانِ اسیری مکمل ہونے والے مجموعہ ہائے کلام ’دستِ صَبا‘ اور ’زنداں نامہ‘ میں جن احساسات، مشاہدات اور تجربات کا عکس نمایاں ہے، اُن تک عام حالات میں گلیوں بازاروں میں آزاد پھرنے والا کوئی شخص، خواہ وہ کتنا ہی حسّاس کیوں نہ ہو، کبھی پہنچ ہی نہیں سکتا۔ ’قَفَس‘، ’صَبا‘، ’زنجیر‘، ’انتظار‘ اور ’آزادی‘ جیسے الفاظ فیض کی شاعری میں محض روایتی شعری علامتیں نہیں رہے تھے بلکہ اِن میں اُن کی اپنی حالات بِیتی کی معنوی تہیں بھی شامل ہو گئی تھیں۔

شاید یہی وجہ تھی کہ فیض احمد فیضؔ کی رِہائی کے بعد جب مہدی حسن کی آواز میں اُن کی غزل ’گُلوں میں رنگ بھرے‘ کا یہ شعر ریڈیو سے نشر ہوتا:

قَفَس اُداس ہے یارو صَبا سے کچھ تو کہو

کہیں تو بَہرِ خدا آج ذکرِ یار چلے۔۔۔۔۔

تو سُننے والوں میں سے کوئی، اپنی عِلمیت جتانے کے لیے، اونچی آواز میں کہہ بھی دیتا تھا کہ فیض صاحب نے یہ غزل جیل میں بیٹھ کر لکھی تھی۔ اور سچ بھی یہی ہے کہ یہ شعر محض روایتی غزل کا شعر نہیں رہا تھا بلکہ اِس کے پس منظر میں شاعر کی اپنی زندگی، اسیری کے تجربات اور آزادی کی آرزو بھی شامل ہو چکی تھی۔ فیض کے یہاں قَفَس اور صَبا کے استعارے جس انداز میں سامنے آتے ہیں، اُن میں محبت اور آزادی، فِراق اور اُمید، فرد اور معاشرے کے احساسات ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہو جاتے ہیں۔

فیض احمد فیضؔ کی ایک اور لازوال نظم ’مجھ سے پہلی سی محبت‘بھی ہے :

مجھ سے پہلی سی محبت مِرے محبوب نہ مانگ

میں نے سمجھا تھا کہ تُو ہے تو دَرَخشاں ہے حیات

تیرا غم ہے تو غمِ دہر کا جھگڑا کیا ہے

تیری صورت سے ہے عالم میں بہاروں کو ثبات

تیری آنکھوں کے سوا دُنیا میں رکھا کیا ہے

تُو جو مِل جائے تو تقدیر نِگُوں ہو جائے

یوں نہ تھا، میں نے فقط چاہا تھا یوں ہو جائے

اور بھی دُکھ ہیں زمانے میں محبت کے سوا

راحتیں اور بھی ہیں وَصل کی راحت کے سوا

اَن گِنت صدیوں کے تاریک بہیمانہ طلسم

ریشم و اَطلَس و کَمخاب میں بُنوائے ہوئے

جا بہ جا بِکتے ہوئے کُوچہ و بازار میں جسم

خاک میں لِتھڑے ہوئے، خُون میں نہلائے ہوئے

لَوٹ جاتی ہے اُدھر کو بھی نظر، کیا کیجے

اب بھی دِل کش ہے تِرا حُسن، مگر کیا کیجے

اور بھی دُکھ ہیں زمانے میں محبت کے سوا

راحتیں اور بھی ہیں وَصل کی راحت کے سوا

مجھ سے پہلی سی محبت مِرے محبوب نہ مانگ

فیض احمد فیضؔ کے نواسے یاسر ہاشمی کے مطابق، ۱۹۵۰ء کی دہائی میں، جب فیض صاحب راولپنڈی سازش کیس میں قید تھے، لاہور میں سیلاب زدگان کی امداد کے لیے ایک سرکاری تقریب منعقد ہوئی، جس میں ملکۂ ترنّم نُورجہاں کو گانے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔ اِس تقریب میں اُنہوں نے فیض کی نظم ’مجھ سے پہلی سی محبت‘ گائی۔

حیدرآباد جیل میں قید فیض احمد فیضؔ نے اپنے دوسرے ساتھیوں کے ہمراہ نُورجہاں کی یہ پیش کش ریڈیو پاکستان کی نشریات کے توسّط سے سُنی تھی۔ اپنی نظم نُورجہاں کی آواز میں سُن کر فیض صاحب بے حد خوش ہوئے اور اُن کے ساتھیوں نے بھی اِس خوب صورت پیش کش کو داد دی۔ (بحوالہ: فائزہ شاہ و فاطمہ شاہین نیازی، ’واٹ بیئنگ بولڈ مینز فار ویمن‘، ماہنامہ ہیرالڈ، کراچی، جون ۲۰۱۷ء)

۱۹۶۲ء میں ہدایت کار نجم نقوی نے اپنی فلم ’قیدی‘ میں بھی یہی نظم شامل کر لی۔ اِس دفعہ اِس کی موسیقی رشید عطرے نے ترتیب دی تھی۔ تاہم فلم کی نمائش کے بعد نُورجہاں کی آواز میں یہ نظم ریڈیو پاکستان کی موسیقی کی نشریات میں بار بار سُنائی دینے لگی۔ گھروں، بازاروں اور عوامی محفلوں میں اُس کی گونج نے اِسے رفتہ رفتہ عوامی حافظے کا حصّہ بنا دیا۔ اب اِس کے مصرعے صرف فیض کے شعری مجموعوں میں محفوظ نہیں تھے، بلکہ اُن لاکھوں سامعین کو بھی اَزبر ہونے لگے تھے جو شاعری کی کتابوں کے بجائے ریڈیو سُنا کرتے تھے۔

فیض صاحب سے یہ بات بھی منسوب کی جاتی ہے کہ نُورجہاں کی آواز میں اِس نظم کی غیر معمولی مقبولیت دیکھ کر اُنہوں نے کہا تھا کہ اب یہ نظم اُن کی نہیں، نُورجہاں کی ہو گئی ہے۔

فیض احمد فیضؔ کے کلام کو سُروں میں ڈھالنے کا سلسلہ ریڈیو پاکستان میں کسی توقف کے بغیر جاری رہا ہے۔ اِس حوالے سے نَیّرہ نُور کا تذکرہ خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ نَیّرہ نُور نے ۱۹۶۸ء کے لگ بھگ ریڈیو پاکستان لاہور سے اپنی فنی زندگی کا آغاز کیا تھا۔ اُن کی آواز میں فیض کی غزلیں اور نظمیں ریڈیو پاکستان سے نشر ہوتی رہیں اور آج بھی ریڈیو کی نشریات میں سُنائی دیتی ہیں۔ ’ہم کہ ٹھہرے اجنبی‘ اور ’آج بازار میں پابَجولاں چلو‘ جیسی تخلیقات نے نَیّرہ نُور کی آواز میں ریڈیو پاکستان کے توسّط سے بھی نئی شہرت حاصل کی۔

فیض احمد فیضؔ کا ریڈیو پاکستان سے تعلق محض اپنی شاعری کی نغمہ سرائی تک محدود نہیں تھا۔ وہ خود بھی اِس ادارے کی ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں میں حصّہ لیتے رہے۔ ۱۹۷۲ء میں ریڈیو پاکستان کے خصوصی پروگرام ’میرا پیغامِ محبت ہے جہاں تک پہنچے‘ میں فیض احمد فیضؔ کا خصوصی پیغام بھی نشر ہوا۔(بحوالہ: نہال احمد، اے ہسٹری آف ریڈیو پاکستان، آکسفرڈ یونیورسٹی پریس، کراچی، ۲۰۰۵ء، ص: ۱۵۶)

فیض احمد فیضؔ کی ریڈیو پاکستان لاہور میں آمد و رفت بھی کسی توقف کے بغیر برقرار رہی۔ چغتائی پبلک لائبریری لاہور کے محفوظ تصویری ذخیرے میں ۱۹۷۳ء کی ایک تصویر موجود ہے، جس میں فیض صاحب ریڈیو پاکستان لاہور کے ایک پروگرام میں شریک نظر آتے ہیں۔ اگلے ہی برس، ۵ اکتوبر ۱۹۷۴ء کو ریڈیو پاکستان نے ’فن اور فنکار‘ کے عنوان سے فیض احمد فیضؔ کا ایک تفصیلی انٹرویو ریکارڈ کیا۔ اِس پروگرام میں صوفی غلام مصطفیٰ تبسّم، حمید اختر، قیوم نظر، سجاد باقر رضوی، انیس ناگی، انتظار حسین، اعجاز حسین بٹالوی اور منو بھائی جیسے ممتاز اہلِ علم و ادب بھی شریک تھے۔

اِس تاریخی گفتگو میں فیض صاحب نے اپنی زندگی کے مختلف اَدوار، ادبی سرگرمیوں، احباب اور تخلیقی تجربات کے بارے میں اظہارِ خیال کیا۔ اُن کی آواز کا ٹھہراؤ، گفتگو کا دھیمَا اور شائستہ انداز اور بات کہنے کی بے ساختگی، سُننے والوں کو اُن کی شخصیت سے براہِ راست روشناس کراتی ہے۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ یہ ریڈیائی گفتگو آج بھی صوتی ریکارڈنگ کی صورت میں دستیاب ہے۔ فیض احمد فیضؔ کی اپنی آواز میں کلام خوانی کی دوسری ریکارڈنگز بھی محفوظ ہیں۔ اُن کی صدسالہ تقریبات کے سلسلے میں مرتب کیے گئے صوتی ذخیرے میں ’ہم دیکھیں گے‘، ’یہ داغ داغ اُجالا‘ اور ’آج بازار میں پابَجولاں چلو‘ جیسی تخلیقات اُنہی کی آواز میں سُنی جا سکتی ہیں۔

ریڈیو پاکستان اور فیض احمد فیضؔ کے تعلق کا ایک اور نہایت اہم، مگر نسبتاً کم معروف پہلو کلاسیکی موسیقی کے تحقیقی ورثے سے متعلق بھی ہے۔ ۱۹۷۴ء میں، جب فیض صاحب وفاقی وزارتِ تعلیم میں ثقافتی اُمور کے مشیر تھے، اُن کی کوششوں سے کلاسیکی موسیقی کے تحقیقی سیل (کلاسیکل میوزک ریسرچ سیل) کی بنیاد رکھی گئی۔ نامور موسیقار خواجہ خورشید انور بھی اِس منصوبے میں اُن کے شریکِ فکر تھے۔ اِس ادارے کے قیام کا مقصد برصغیر کی کلاسیکی موسیقی، بالخصوص مختلف موسیقی کے گھرانوں، اُن کی بندشوں، نادر ریکارڈنگز، موسیقی کے مخطوطات اور ممتاز موسیقاروں کی سوانحی تفصیلات کو محفوظ کرنا تھا۔

یہ تحقیقی سیل ابتدائی طور پر وزارتِ تعلیم کے تحت قائم ہوا اور ۱۹۷۸ء میں اِسے ریڈیو پاکستان لاہور منتقل کر دیا گیا۔ یہاں موسیقی کے نادر ریکارڈ، کُتب، تصاویر، مخطوطات اور مختلف موسیقی کے گھرانوں سے متعلق تحقیقی مواد جمع کیا گیا۔(بحوالہ: نہال احمد، اے ہسٹری آف ریڈیو پاکستان، آکسفرڈ یونیورسٹی پریس، کراچی، ۲۰۰۵ء، ص: ۶۹ تا ۷۰)

یوں فیض صاحب نے نہ صرف اپنی شاعری کے ذریعے ریڈیو پاکستان کے صوتی سرمائے میں اضافہ کیا بلکہ موسیقی کی تاریخی روایات کو محفوظ کرنے کے لیے ایک ایسے تحقیقی ادارے کے قیام میں بھی کردار ادا کیا جو بعد میں ریڈیو پاکستان کا حصّہ بن گیا۔

فیض احمد فیضؔ کی ریڈیو پاکستان سے وابستگی کا ایک اور دِل چسپ حوالہ بہاولپور ریڈیو اسٹیشن کی افتتاحی نشریات سے متعلق ہے۔ ۱۸ اگست ۱۹۷۵ء کو جب ریڈیو پاکستان بہاولپور نے اپنی نشریات کا آغاز کیا تو پہلے ہی دن فیض احمد فیضؔ کا خصوصی پیغام بھی نشر ہوا۔ اس واقعے کی تصدیق خود فیض صاحب کی صاحبزادی سلیمہ ہاشمی نے ریڈیو پاکستان بہاولپور کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کی۔ جب اُنہیں بتایا گیا کہ ریڈیو بہاولپور کی افتتاحی نشریات میں اُن کے والد کا پیغام بھی شامل تھا تو اُنہوں نے اس پر بے حد خوشی کا اظہار کیا۔(بحوالہ: سجاد پرویز، بائیس لوگ، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، ۲۰۲۱ء، ص: ۱۸۰)

۲۰نومبر ۱۹۸۴ء کو فیض احمد فیضؔ اِس دُنیا سے رُخصت ہو گئے۔ آج اُن کی وفات کو بیالیس برس گزر چکے ہیں، لیکن اُن کی ریڈیائی گفتگو، اُن کی آواز اور اُن کے کلام کی نغمہ سرائی کی ریکارڈنگز ہماری ادبی و ثقافتی تاریخ کا قیمتی سرمایہ ہیں۔

ریڈیو پاکستان، فیض احمد فیضؔ کی برسی کے موقع پر اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے۔ وہ ریڈیو کے لیے لکھتے رہے، اُن کا کلام ریڈیو پاکستان سے نشر ہوتا رہا اور آج بھی ہوتا ہے۔ ریڈیو نے اُن کی شاعری کو عوام تک پہنچایا اور فیض نے بھی اِس ادارے سے اپنی وابستگی کو ہمیشہ قدر و محبت سے یاد کیا۔

آج بھی وہ ریڈیو پاکستان کے ’فیض‘ ہیں۔ اِسی لیے اس ادارے نے آج، اُن کی برسی کے موقع پر، اُنہیں محض لفظوں سے نہیں، دل و جان سے یاد کیا ہے۔ بقولِ فیضؔ:

سُننے کو بِھیڑ ہے سرِ محشر لگی ہوئی۔۔۔۔

تہمت تمہارے عشق کی ہم پر لگی ہوئی

تحریر: سعید احمد شیخ، ڈی جی ریڈیو پاکستان