وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ خلائی مشن کے حوالے سے 25 نومبر کا دن ہر سال منایا جائے گا۔
وہ آج اسلام آباد میں پاکستان کے خلائی سفر اور خلائی تحقیق کے بڑھتے ہوئے عزم کے عکاس خصوصی مرکز ’’کہکشاں ۔ مشن کنٹرول سینٹر‘‘ کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔
وزیرِ اطلاعات نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آج پاک چین دوستی کے حوالے سے بڑا تاریخی دن ہے اور یہ خلائی مشن پاک چین شراکت داری اور دوستی کا عروج ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پہلے خلاباز ذیشان علی نے ملک کا نام روشن کیا ہے، ہمیں ان پر فخر ہے اور ان کی خلائی مشن میں شرکت سے ملک کو مزید بین الاقوامی شہرت ملی ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے تمام سائنسدانوں، سپارکو اور مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خلائی تحقیقات کے حوالے سے سپارکو کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بہت سے شعبوں میں کامیابیاں مل رہی ہیں جس سے عالمی سطح پر ملک کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ کہکشاں ۔ مشن کنٹرول سینٹر کو کم وقت میں بڑی محنت سے بنایا گیا ہے اور یہ چار دن تک فعال رہے گا، جبکہ سینٹر میں سپارکو کا اسٹال بھی لگایا گیا ہے۔
قبل ازیں وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے ’’کہکشاں ۔ مشن کنٹرول سینٹر‘‘ کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ اور وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل سمیت وزارتِ اطلاعات کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات نے سینٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور اپنا خصوصی پیغام نوٹس بورڈ پر چسپاں کیا۔ انہیں مرکز کے مختلف شعبہ جات کے میکنزم اور کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس خصوصی مرکز میں پاکستان کے پہلے خلاباز ذیشان علی کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں جبکہ یہاں اسپیس سائنس سے متعلق ڈاکیومنٹریز بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔