بھارت کے غیر قانونی طور پر زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں مسلسل بھارتی تسلط اور غیر یقینی سیاسی صورتِ حال میں زندگی گزارنے والی خواتین 1947ء سے اب تک کئی دہائیوں پر محیط مصائب، خوف، ذہنی صدمے اور عدم تحفظ کا سامنا کر رہی ہیں۔
خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر آج کشمیر میڈیا سروس کے شعبۂ تحقیق کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ اڑتیس برسوں کے دوران بھارتی افواج کے پرتشدد واقعات میں دو ہزار تین سو سے زائد خواتین شہید ہوئیں، جبکہ گیارہ ہزار دو سو خواتین کی بے حرمتی کی گئی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ 2019ء سے 2026ء کے وسط تک جموں و کشمیر میں تقریباً سولہ ہزار چار سو خواتین اور لڑکیوں کی گمشدگی کی اطلاعات موصول ہوئیں، جن میں سے چار ہزار دو سو سے زائد مقدمات تاحال حل طلب ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے اپنے علیحدہ علیحدہ بیانات میں عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، خواتین پر تشدد اور دیگر مظالم روکنے کے لیے مداخلت کرے اور اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔
انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ کشمیری خواتین کی حالتِ زار کا نوٹس لیں، انہیں انصاف اور تحفظ کی فراہمی اور ذمہ داروں کا احتساب یقینی بنائیں۔