Sunday, 22 November 2026, 02:07:53 am
 

مزید خبریں

 
کُل جماعتی حریت کانفرنس کا مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں کی غیر قانونی نظربندی پر اظہارِ تشویش
November 21, 2026

بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بی جے پی کی ہندوتوا حکومت کی جانب سے مختلف حیلے بہانوں کے تحت حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی جیلوں میں طویل نظربندی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سری نگر سے جاری ایک بیان میں حریت ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے کہا ہے کہ جیلوں میں کشمیری سیاسی قیدیوں کے ساتھ روا رکھا جانے والا غیر انسانی سلوک انتہائی قابلِ مذمت اور افسوس ناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ طویل نظربندی کے باعث متعدد بزرگ رہنما اور کارکن مختلف امراض میں مبتلا ہو چکے ہیں، لیکن انہیں مناسب علاج معالجے اور صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

حریت ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کشمیریوں کی حقِ خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کو دبانے کے لیے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور اسٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی جیسے بدنامِ زمانہ تحقیقاتی اداروں کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔