بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ استصوابِ رائے کے انعقاد سے متعلق اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کرے۔
ایک بیان میں حریت کانفرنس کے ترجمان نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کی جائز جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دوسری جانب حریت کانفرنس کی قیادت نے آج سرینگر کے علاقے عالی کدل کے شہدا کو ان کی برسی کے موقع پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
1992 میں آج ہی کے روز بھارتی فوجیوں نے ممتاز حریت رہنما شیخ عبدالحمید اور ان کے دس ساتھیوں کو سرینگر کے علاقے عالی کدل میں شہید کر دیا تھا۔
حریت رہنماؤں نے کہا کہ ان شہدا کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔