کُل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی مسلسل تعیناتی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
حریت کانفرنس نے آج ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ علاقے میں مبینہ طور پر دس لاکھ سے زائد بھارتی فوجی تعینات ہیں، جس کے باعث شہری آبادی میں خوف و ہراس اور عدم تحفظ کی فضا پائی جاتی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کئی دہائیوں سے جاری اس فوجی موجودگی کے دوران قتل و غارت، تشدد، من مانی گرفتاریوں اور رات کے وقت چھاپوں جیسے واقعات پیش آتے رہے ہیں، جس کے باعث کشمیری عوام کو شدید مشکلات اور اذیت کا سامنا ہے۔
کُل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لے اور انسانی حقوق کی جاری خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
ادھر، بی جے پی کے مقرر کردہ کٹھ پتلی لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی سربراہی میں قائم انتظامیہ نے مزید دو کشمیری سرکاری ملازمین کو ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔
اگست دو ہزار انیس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں اور سرکاری ملازمین کو ملازمتوں سے برطرف کرنے کی مذموم مہم شروع کردی۔
دوسری جانب، بھارتی فورسز نے اسلام آباد، پلوامہ، کولگام، کپواڑہ، بانڈی پورہ، بارہمولہ، راجوری، پونچھ، کٹھوعہ اور کشتواڑ سمیت مختلف اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔
سری نگر اور جموں کو ملانے والی شاہراہوں سمیت اہم شاہراہوں پر نگرانی اور گشت بھی بڑھا دیا گیا ہے، جبکہ گاڑیوں، مسافروں اور پیدل چلنے والوں کی سخت تلاشی لی جا رہی ہے۔