Saturday, 21 November 2026, 02:11:52 am
 

مزید خبریں

 
بھارتی پالیسیوں کے باعث مقبوضہ کشمیر کے بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا
November 20, 2026

آج عالمی برادری نے بچوں کا عالمی دن منایا، تاہم بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے بچے بی جے پی کی زیرِ قیادت حکومت کی جابرانہ پالیسیوں کے باعث بدستور مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ 

 اس دن کے موقع پر کشمیر میڈیا سروس کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں گزشتہ اڑتیس برسوں کے دوران بھارتی فوج کے ہاتھوں نو سو سے زائد بچے شہید ہو چکے ہیں۔

رپورٹ میں دہائیوں پر محیط اس تنازع کے بچوں پر پڑنے والے تباہ کن اثرات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ان بچوں کو قتل و غارت، خاندانوں سے جدائی، نفسیاتی صدمے اور تعلیم میں تعطل سمیت سنگین مسائل کا سامنا ہے۔

ادھر برطانیہ میں مقیم کشمیری برادری اور کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے تحریکِ آزادیِ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاقِ رائے آج اسلام آباد میں تحریکِ کشمیر برطانیہ اور کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ہوا۔

ملاقات میں بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا مؤثر استعمال ناگزیر ہے۔