بھارت کے غیر قانونی طور پر زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں قابض فوج نے ضلع کولگام میں جاری محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران آزادی کے حامی حریت کارکن محمد لطیف بٹ کو شہید کر دیا ہے۔
بھارتی فوج، نیم فوجی سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ کے اہلکاروں نے آج ضلع کے علاقے زنگل پورہ میں ایک مسجد کے قریب فائرنگ کرکے لطیف بٹ کو شہید کیا۔
اطلاعات کے مطابق کارروائی کے دوران لطیف بٹ مسجد کے اندر پھنس گئے تھے۔
ادھر بھارتی فورسز نے پورے ضلع کولگام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران سات سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس نے شہید حریت کارکن کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
سرینگر سے جاری ایک بیان میں حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے کہا کہ بھارتی ظلم و تشدد کے باوجود کشمیری نوجوانوں کی قربانیوں نے تحریک آزادی کو زندہ رکھا ہوا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازع کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔