کوئٹہ میں سماعت سے محروم خصوصی بچوں کے لیے پہلا ڈیف چلڈرن ایکسی لینس اینڈ ریسرچ سینٹر قائم کر دیا گیا ہے۔
وفاقی اور صوبائی حکومت کے باہمی تعاون سے قائم اس سینٹر کا باقاعدہ افتتاح وفاقی وزیر ثقافت اورنگزیب نے کیا۔
ڈیف چلڈرن ایکسی لینس اینڈ ریسرچ سینٹر میں تقریبا 350 سماعت سے محروم بچے اور بچیاں زیر تعلیم ہیں۔
ادارے میں سماعت سے محروم بچوں کو پرائمری سے ثانوی سطح تک تعلیم کے ساتھ جدید فنی تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
سماعت سے محروم بچیوں کو خودکفیل بنانے کے لیے تعلیم کے ساتھ سلائی کڑھائی کی تربیت بھی دی جا رہی ہے۔بلوچستان میں اس نوعیت کے ادارے کا قیام خصوصی بچوں کی تعلیم، ہنرمندی اور فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم پیشرفت ہے۔