بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض فورسز نے ریاستی دہشت گردی کی اپنی تازہ کارروائی میں آج ضلع ادھم پور میں دو نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نوجوانوں کو ضلع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا گیا۔
دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں اپنی فورسز کو کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔
ایک بیان میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے ادھم پور میں بھارتی فوج کے ہاتھوں نوجوانوں کے قتل کے تازہ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانچ اگست دو ہزار انیس سے اب تک مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں ایک ہزار سے زائد کشمیری شہید ہو چکے ہیں۔
ترجمان نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارتی فورسز کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کے قتل کو روکنے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔