Monday, 27 July 2026, 06:13:24 am
 
دریائے چناب پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، این ڈی ایم اے
July 25, 2026

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشنز سینٹر (این ای او سی) نے ملک بھر میں دریائوں اور ندی نالوں میں پانی کے بہا ئوکی تازہ ترین صورتحال جاری کر دی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں خانکی، قادرآباد اور چنیوٹ پل کے مقامات پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ وزیرآباد میں پلکھو نالہ بھی درمیانے درجے کے سیلاب کی زد میں ہے۔

دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ اور تونسہ، دریائے چناب میں مرالہ اور تریموں، دریائے راوی میں بلوکی اور سدھنائی، جبکہ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔

اسی طرح نالہ ایک اور پلکھو نالہ کینٹ پل پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے پہاڑی نالے معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے چناب میں مرالہ، خانکی، قادرآباد اور چنیوٹ پل کے مقامات پر پانی کے بہا میں مزید اضافہ ہوگا، جبکہ تریموں بیراج پر پانی کی سطح بڑھ کر درمیانے درجے کے سیلاب تک پہنچنے کا امکان ہے۔

ادارے کے مطابق آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں، خیبر پختونخوا کے برساتی ندی نالوں اور شمالی بلوچستان میں اچانک سیلاب کا خدشہ ہے۔

اسی عرصے کے دوران گوجرانوالہ، منڈی بہاالدین، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ، ملتان، حافظ آباد اور لاہور کے شہری علاقوں میں بھی شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کا خطرہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام کو ممکنہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ادارے نے متعلقہ اداروں کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی، ہنگامی ٹیموں کی تیاری اور بند ہونے والی شاہراہوں کی فوری بحالی کے انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ مون سون کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، ملبے کے ریلوں اور اچانک سیلاب کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، لہذا سفر سے قبل موسم اور سڑکوں کی تازہ ترین صورتحال ضرور معلوم کریں۔ شدید بارش یا کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

ادارے نے ہدایت کی ہے کہ تنگ راستوں، خطرناک ڈھلوانوں، دریا کے کناروں اور ایسے مقامات پر ہرگز نہ رکیں جہاں پتھر گرنے یا مٹی کھسکنے کا خطرہ ہو۔ اگر سڑک یا پہاڑی ڈھلوان پر دراڑیں، گرتے ہوئے پتھر، ملبہ، سڑک پر بہتا ہوا کیچڑ یا غیر معمولی گرجنے کی آواز سنائی دے تو فورا محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں۔

این ڈی ایم اے نے عوام پر زور دیا ہے کہ سیلابی پانی یا تیز بہا کو پیدل یا گاڑی کے ذریعے ہرگز عبور نہ کریں، کیونکہ کم گہرائی والا تیز بہا بھی انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

ادارے نے مزید کہا ہے کہ مون سون کے دوران برساتی ندی نالوں میں اچانک شدید طغیانی آ سکتی ہے، لہذا سیاحتی سرگرمیوں کے دوران احتیاط برتی جائے اور تیز بہا والے پانی سے دور رہا جائے۔

این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ سفر کے دوران پینے کا پانی، خشک خوراک، ٹارچ، ابتدائی طبی امداد کا سامان، پاور بینک اور ہنگامی رابطہ نمبرز اپنے ساتھ رکھیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں، متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں اور بند شاہراہوں پر سفر سے مکمل گریز کریں۔

عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ بروقت معلومات کے لیے این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ سے استفادہ کریں۔

این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔