Friday, 29 March 2024, 06:37:59 pm
آج یوم تکریم شہداء منایا گیا جس کا مقصد شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا
May 25, 2023

قوم آج یوم تکریم شہداء پاکستان منایا گیا۔ اِس دن کے منانے کا مقصد مادرِ وطن کی سلامتی، خود مختاری اور عظمت کو یقینی بناتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے آج(جمعرات) اپنے ایک بیان میں کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں ہماری نئی نسل کیلئے ہمیشہ مشعل راہ رہیں گی اور پاکستان کے دشمنوں کے مکروہ پروپیگنڈہ کے باوجود انہیں فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔آج کا دن مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول سوسائٹی کے ہر شہید کی یاد منانے کا دن ہے۔شہداء پاکستان ہمارے ہیرو اور عظیم سرمایہ ہیں، اِن کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا۔آئی ایس پی آر نے کہا پاکستانی قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے اور ہم اِن شہداء اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کے ہمیشہ مقروض رہیں گے۔

یوم تکریم شہدائے پاکستان کی مرکزی تقریب آج جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہوئی۔بری فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے یادگار شہدا پر حاضری دی پھول چڑھائے اور فاتحہ پڑھی۔ بعد میں اہم شخصیات نے بھی یادگار شہدا پر پھول چڑھائے جن میں شہدا کے اہل خانہ ، طلبا اور سابق فوجی افسر انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس، اینٹی نارکوٹکس فورس کے ڈائریکٹر جنرل، آر پی او راولپنڈی، اسلام آباد اور راولپنڈی کے کمشنر، کرکٹر بابر اعظم اور محمد رضوان اور ریڈیو پاکستان کی نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ شامل تھیں۔

ادھریوم تکریم شہدائے پاکستان کے حوالے سے نیول او ر پی اے ایف ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں الگ الگ تقریبات کا اہتمام کیاگیا۔بحریہ کے سربراہ امجد خان نیازی نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔فضائیہ کے سربراہ ظہیر احمد بابر سدھونے پی اے ایف ہیڈ کوارٹرز میں شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔جے ایس ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں بھی ایک تقریب ہوئی جہاں شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحرشمشاد مرزا نے بھی شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔یوم تکریم شہدائے پاکستان کی مناسبت سے ملک کے تمام حصوں میں ریلیوں اور تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔