وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا پوری قوت سے دندان شکن جواب دیکر معصوم شہریوں کے خون کا بدلہ لے لیا ہے۔
انہوں نے یہ بات مختلف سیاسی رہنمائوں سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ان سیاسی رہنمائوں میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا فضل الرحمان، ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن، پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری سالک حسین اور بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ خالد حسین مگسی اور پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹرگوہر شامل تھے۔
وزیراعظم نے سیاسی رہنمائوں کو موجودہ کشیدہ صورتحال اور پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف جوابی کارروائی پر اعتماد میں لیا۔
سیاسی قیادت نے وزیراعظم کو آزمائش کی اس گھڑی میں اپنی مکمل حمایت اور پوری پاکستانی قوم کی یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے سیاسی قیادت کی جانب سے مکمل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ان سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے موجودہ کشیدگی کے دوران وزیراعظم کی مثالی قیادت پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم وہمت کو بھی سراہا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایمل ولی خان اور استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے ٹیلی فون پر الگ الگ رابطہ کیا جس میں خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے دونوں رہنمائوں کو موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا اور بھارت کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے جواب میں پاکستان کے موقف اور اقدامات کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔
ایمل ولی خان اور عبدالعلیم خان نے مشاورت میں شریک کرنے پر شکریہ ادا کیا اور بھارتی جارحیت کے خلاف آپریشن بنیان ان مرصوص کے تحت حکومت کے جوابی اقدامات کی مکمل حمایت کی۔
دونوں رہنمائوں نے حالیہ کشیدگی کے دوران وزیراعظم کی مثالی قیادت کو سراہا۔
انہوں نے بیرونی خطرات کا بھرپور اور بروقت جواب دینے پر پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل عزم کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔