Monday, 12 May 2025, 05:37:07 am
 
پاکستان نےعلاقائی مفاد میں بھارت سے جنگ بندی کا مثبت جواب دیا،وزیراعظم
May 11, 2025

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف پاکستان کی فتح قوم کی طاقت اور فوجی صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے ریڈیو پاکستان اور ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا آپریشن ''بنیان مرصوص'' نفرت' تعصب' انسانیت سے دشمنی، جارحیت اور مذہبی جنونیت کے خلاف تھا۔

وزیراعظم نے کہا بھارت نے پہلگام واقعہ کی آڑ میں پاکستان پربلا جواز جنگ مسلط کی۔

انہوں نے کہا پوری قوم اپنی مسلح افواج کو دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سلام پیش کرتی ہے اور ان کے شانہ بشانہ ہے۔

انہوں نے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے ورثاء سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے علاقائی امن کے لئے بھارت کے ساتھ جنگ بندی کا مثبت جواب دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آبی وسائل کی تقسیم اور جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازعہ سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے انصاف کے اصولوں کے مطابق پرامن مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جانا چاہئے۔

شہبازشریف نے تمام دوست ممالک بشمول امریکہ، برطانیہ، ترکیہ، سعودی عرب، قطر،متحدہ عرب امارات کی قیادت اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا جنگ بندی میں متحرک کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے خاص طور پر پاکستان کے آزمودہ دوست چین کی کوششوں اور حمایت کا ذکر کیا جو اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا۔

وزیراعظم نے بھارت کی جھوٹی اور من گھڑت خبروں سے نمٹنے کیلئے صحافی برادری اور سوشل میڈیا صارفین کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔