وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے شینزو 24 مشن کے ذریعے پاکستانی خلا نورد محمد ذیشان علی کی تیانگونگ خلائی اسٹیشن کے لیے روانگی پر پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ پاکستان ستاروں سے آگے کا سفر شروع کر چکا ہے اور یہ محض ایک خلا نورد کا نہیں بلکہ چوبیس کروڑ پاکستانیوں، ان کی نوجوان نسل، سائنس دانوں اور خوابوں کا سفر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ذیشان علی اور خرم داد دونوں نے غیر معمولی محنت، نظم و ضبط اور لگن کے ساتھ چین میں اپنی تربیت کامیابی سے مکمل کی۔
دریں اثنا، نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بھی پوری قوم اور سپارکو کے حکام کو دلی مبارکباد دی ہے۔
نائب وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ چین کے شینزو 24 مشن کی روانگی کے ساتھ ہی پاکستانی خلا نورد ذیشان علی تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر عملے کے پہلے بین الاقوامی رکن کے طور پر جلد مدار میں داخل ہوں گے۔
وزیرِ اطلاعات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ ایک پاکستانی خلانورد کا خلائی سفر پوری قوم کے لیے انتہائی مسرت اور فخر کا باعث ہے۔