Monday, 24 August 2026, 12:45:56 pm
 
صدر کا سعودی سفیر کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مستحکم بنانے پر خراج تحسین
August 24, 2026

صدر آصف علی زرداری نے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ اور تذویراتی تعلقات کو مستحکم بنانے پر سراہا ہے۔

وہ ایوان صدراسلام آباد میں سعودی سفیرسے الوداعی ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔

صدر نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ دوستی اور تذویراتی شراکت داری کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور مسلسل سعودی حمایت کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ سعودی سفیر نواف بن سعیدالمالکی کے دور میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے رکھی گئی مضبوط بنیاد آنیوالے برسوں میں دوطرفہ تعاون کی رہنمائی کرتی رہے گی۔

سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے صدر، حکومت اور پاکستان کے عوام کا اپنے قیام کے دوران بھرپورتعاون پر شکریہ ادا کیا جو 2017 سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اور اس کے عوام کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے رہیں گے۔