Monday, 24 August 2026, 02:29:08 am
 
وزیر اطلاعات کا ذرائع ابلاغ کی ذمہ دارانہ حکمت عملی کی ضرورت پر زور
August 23, 2026

وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے ڈیجیٹل دور میں غلط معلومات اور گمراہ کن مواد کاموثر مقابلہ کرنے کیلئے ذرائع ابلاغ کی بروقت، پیشہ ورانہ اور ذمہ دارانہ حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں وزارت اطلاعات کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے محکمے کا دورہ کرنے والے 54ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے 217زیر تربیت افسران کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت کے موثر روابط سے شفافیت کو فروغ دینے، عوام کو درست معلومات کی فراہمی اور ریاستی اداروں پر عوام کا اعتمادبڑھانے میں مدد ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کامن ٹریننگ پروگرام سرکاری افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بہتر بنانے اور انہیں موثر عوامی خدمت فراہم کرنے کے قابل بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے نوجوان افسران پر زور دیا کہ وہ عزم و ہمت ،انکساری اور احساس ذمہ داری سے پاکستان کی خدمت کریں، اپنے فرائض دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں اور قومی مفاد کو سب سے مقدم رکھیں۔