Monday, 24 August 2026, 02:29:13 am
 
معاشی اشاریوں میں بہتری کامسلسل رحجان جاری ہے ، احسن اقبال
August 23, 2026

معیشت کے مختلف شعبوں میں معاشی اشاریوں میں بہتری کامسلسل رجحان دیکھا جارہاہے ۔

منصوبہ بندی و ترقی کے وزیر احسن اقبال نے یہ بات اسلام آباد میں ماہانہ ترقیاتی جائزہ پیش کرتے ہوئے بتائی۔

انہوں نے کہا تازہ ترین اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ خلیجی جنگ کے باعث پاکستان کی معیشت پر پڑنے والا دبائو ختم ہو نے کے بعد بحالی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس مشکل وقت کے دوران حکومت نے مصنوعات کی رسد کوبرقرار رکھنے اور ذخیرہ اندوزی و ناجائز منافع خوری کی روک تھام کیلئے موثراقدامات کئے۔

ماہانہ ترقیاتی جائزے کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ رواں سال جولائی میں مہنگائی کم ہو کر نو اعشاریہ دو فیصدرہی جبکہ رواں سال مئی میں یہ شرح گیارہ اعشاریہ سات فیصد تھی۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں مثبت رجحان برقرار ہے اور جولائی میں ترسیلات زر تین ارب ساٹھ کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں تیرہ فیصد زیادہ ہیں۔

بڑے پیمانے کی صنعتی پیداوار میں رواں سال پانچ فیصد اضافے کے ساتھ صنعتی پیداوار میں مثبت رفتار کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ اس سے ملکی برآمدات بڑھانے میں مدد ملے گی۔