Monday, 23 November 2026, 03:46:40 pm
 
پرتگال کے وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا ہے
November 23, 2026

 نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے آج اسلام آباد میں پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رینجل سے ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور پرتگال کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کا جائزہ لیا۔

نائب وزیراعظم نے سفارتی روابط میں اضافے، پارلیمانی وفود کے تبادلے اور موجودہ دوطرفہ طریقہ کار کے تحت باقاعدہ مشاورت کی اہمیت پر زور دیا۔

پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رینجل نے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط کرنے کیلئے اپنے ملک کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی جانب سے حمایت پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم کرنے کیلئے پرتگال میں مقیم پاکستانی برادری کے کردار کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے فریم ورک کے تحت تعاون پر بات چیت کی۔

پاؤلو رینجل نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بات چیت، سفارت کاری اور موثر کثیر ملکی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

بعد ازاں پاکستان اور پرتگال کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے۔

پاکستانی وفد کی قیادت نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے جبکہ پرتگالی وفد کی قیادت اس کے وزیرخارجہ پاؤلو رینجل نے کی۔

نائب وزیراعظم نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں سے قائم دوستی کوانتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا ہم سیاسی روابط مضبوط بنانے اور دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پرخصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

پاؤلو رینجل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک اقتصادی شعبے میں پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہشمند ہے اور اس سلسلے میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے کردار اور مشرق وسطیٰ میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔