پاکستان اور پرتگال نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، قابلِ تجدید توانائی، ٹیکنالوجی اور افرادی قوت کی فراہمی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ بات نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آج اسلام آباد میں پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رینجل کے ہمراہ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ مشترکہ ورکنگ گروپ دوطرفہ تجارت اور معاشی تعاون کی راہ میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کرے گا اور مشترکہ منصوبوں کو آگے بڑھائے گا۔
انہوں نے پرتگال کی کمپنیوں کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت بھی دی۔
نائب وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پاکستان اور پرتگال نے سفارتی پاسپورٹ کے حامل افراد کے لیے ویزے کے خاتمے کی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر بھی دستخط کیے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان سرکاری سطح پر وفود کے تبادلوں میں آسانی پیدا ہوگی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پرتگال کے وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور بہتر بنانے کے روشن امکانات دیکھتے ہیں اور انہیں پورا یقین ہے کہ ہمارے تعلقات کی معاشی سمت انتہائی مضبوط انداز میں مزید بہتری ہوگی۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے انتہائی مثبت قرار دیا۔
مشرق وسطی میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کے حوالے سے پرتگال کے وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری ان کاوشوں کو حقیقی معنوں میں تسلیم کرتی ہے۔
پرتگال کے وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو لزبن کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔