Monday, 23 November 2026, 06:49:06 pm
 
ملائیشیا کا پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ
November 23, 2026

ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم نے پاکستان کے ساتھ دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات آج پتراجایا میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ملائیشیا کے وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور تعاون کو سراہا۔

ملاقات میں دوطرفہ امور، دفاعی و سیکیورٹی تعاون اور ابھرتی ہوئی علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے مسلسل روابط کی اہمیت پر زور دیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے ملائیشیا کے تعمیری کردار کی تعریف کی اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کو دہرایا۔

فریقین نے اعلیٰ سطح کے وفود کے باقاعدہ تبادلوں، عسکری تعاون میں اضافے اور علاقائی و بین الاقوامی سیکیورٹی مسائل پر مسلسل مشاورت کے ذریعے دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔