Tuesday, 24 November 2026, 04:00:44 am
 
پاکستان اور عمان کا دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق
November 23, 2026

پاکستان اور عمان نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے اور مشترکہ ورکنگ گروپ برائے تجارت و سرمایہ کاری کو فعال بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور عمان کے وزیر تجارت، صنعت و سرمایہ کاری  انور بن ہلال بن حمدون الجبری کے درمیان ملاقات میں ہوا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ویزا سے متعلق مسائل کے حل کے لیے متعلقہ وزارتوں سے رجوع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

علی پرویز ملک نے عمان کے قومی دن پر عمانی وزیر تجارت کو مبارکباد پیش کی اور عمان کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان خوشگوار تعلقات اور جغرافیائی قربت اقتصادی تعاون کے فروغ کی مضبوط بنیاد ہیں جبکہ دونوں ملکوں کے تاجروں اور کاروباری شخصیات کے روابط بڑھانے کی بھی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان اقتصادی تعاون کو توانائی کے شعبے سے آگے دیگر شعبوں تک وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں اور آٹھویں پاکستان عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں طے پانے والا جامع پروٹوکول دوطرفہ تعاون کا ایک مؤثر روڈ میپ ہے۔

اس موقع پر عمانی وزیر تجارت نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا معاہدہ پاکستان اور عمان کے درمیان طویل المدتی اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کی بنیاد بنے گا۔