Tuesday, 24 November 2026, 04:00:43 am
 
وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت شہریوں کو سو ارب روپے سے زائد کے قرضوں کی فراہمی کا سنگِ میل عبور
November 23, 2026

وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت شہریوں کو سو ارب روپے سے زائد کے قرضوں کی فراہمی کا سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے۔

اس حوالے سے آج اسلام آباد میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عزت و وقار کے ساتھ گھر حاصل کرنے والے خاندانوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ آج ہزاروں خاندانوں کے لیے خوشی کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ بینکوں کے ذریعے مستحق خاندانوں کو قرضے ملنا قابلِ تحسین کامیابی ہے اور اس عمل میں نہ کرپشن ہوئی ہے نہ اقربا پروری۔

وزیراعظم نے کہا کہ اپنا گھر پروگرام کے تحت ساڑھے چھ ماہ میں اٹھارہ ہزار پانچ سو گھروں کے لیے ایک سو ارب روپے تقسیم کیے گئے۔ اب یہ رقم بڑھ کر ایک سو بارہ ارب روپے ہو چکی ہے، جبکہ پانچ سو ارب روپے کے قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے چھ ماہ میں ایک ہزار ارب روپے کی ادائیگی کا ہدف حاصل کرنے کے لیے دوبارہ تقریب منعقد کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اپنا گھر، اپنا آشیانہ پروگرام کے تحت گھروں کی تعداد کی کوئی حد مقرر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہانہ گھروں کی ضرورت اشرافیہ کو ہوتی ہے، وہ دو دو اور چار چار کنال کے گھر بنا سکتے ہیں، لیکن غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والوں کو بھی گھر چاہیے۔

شہباز شریف نے واضح کیا کہ ایک لاکھ، دو لاکھ یا پانچ لاکھ گھروں کی کوئی پابندی نہیں، غریبوں کے لیے جتنے گھر بنانے پڑے، بنائیں گے۔

وزیراعظم نے بینکوں کو ہدایت کی کہ وہ قرضوں کی منظوری برق رفتاری سے کریں، اس عمل میں کوئی سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے جو بھی رکاوٹیں ہیں، انہیں مل بیٹھ کر دور کریں گے۔ کسی نے قرضے لینے والوں سے سیاسی جماعت نہیں پوچھی، اسی کو شفافیت اور میرٹ کہتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگر میرٹ پر کسی مخالف جماعت کے شخص کو بھی قرض ملتا ہے تو اسے ضرور ملنا چاہیے۔

انہوں نے پروگرام میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پانچ بینکوں کو بلیو پاسپورٹ جاری کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ یہ بینک اس مقصد کے لیے ایمبیسڈرز ایٹ لارج ہوں گے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آباد، اسٹیٹ بینک، حکومت اور بلڈرز کو ایک جگہ بٹھا کر فوری اجلاس منعقد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزارتِ ہاؤسنگ کے سیکرٹری کو بھی بلائیں اور سہ فریقی معاہدے کا جائزہ لے کر اسے عملی شکل دیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان بنانا ہے تو امانت، محنت اور دیانت کے اصولوں پر چلنا ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اللہ ہمیں ہمت اور توفیق دے کہ ہم مل کر پاکستان کو عظیم بنائیں۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ مرد مکان تعمیر کرتا ہے اور عورت اسے گھر بناتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کئی بہنیں ایسی ہیں جنہوں نے مکان تعمیر کیا اور اسے گھر بنایا۔

وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ حکومت اس پروگرام کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی توجہ سے ہی یہ کامیابی ممکن ہوئی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا کہ بینکوں کی جانب سے پانچ سو ساٹھ ارب روپے کے قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔

ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے چیئرمین محمد حنیف گوہر نے کہا کہ وہ وزیراعظم کے وژن کے تحت سوا لاکھ گھروں کا ہدف حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے کامیاب وژن سے عام آدمی کو فائدہ حاصل ہو رہا ہے۔

تقریب میں اپنا گھر پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد نے اپنے گھر کا خواب پورا کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پانچ بینکوں کے نمائندوں میں ایوارڈز بھی تقسیم کیے گئے۔