وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لیے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاشتکاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وہ آج لاہور میں زرعی اصلاحات اور شعبے کی ترقی کے لیے حکومتی اقدامات پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تصدیق شدہ کمپنیوں کو چاہیے کہ وہ کاشتکاروں کو معیاری بیجوں کی فراہمی یقینی بنائیں۔
شہباز شریف نے تمام فریقین کی مشاورت سے فصلوں کی پیداوار کا تخمینہ لگانے کے لیے ایک جامع قومی نظام تشکیل دینے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ملک کے زرعی شعبے کی ترقی کو فروغ دینے اور تحقیقی سرگرمیوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لانے کے لیے زرعی تحقیق کے اداروں کو مزید فعال کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے حکام کو گزشتہ سال چین سے زرعی تربیت حاصل کر کے واپس آنے والے طلبہ کے تجربے سے بھرپور استفادہ کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ رواں سال چین میں زرعی تربیت کے لیے طلبہ کے انتخاب میں میرٹ اور شفافیت کو اولین ترجیح دی جائے۔
اجلاس کو نامیاتی کاشتکاری کے فروغ، فصلوں کی نگرانی اور کیڑوں اور پودوں کی شناخت کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال کے اقدامات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔