نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تمام متعلقہ اداروں کو ترقیاتی منصوبوں پرموثر عملدرآمد کے لیے مربوط اور بروقت اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
اسحق ڈار نے آج اسلام آباد میں قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل سے حکومت کے اقتصادی ترقی اور بہتر روابط کے وسیع ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے جامع ایجنڈے پر غور کیا گیا، جن میں خوازہ خیلہ، بشام ایکسپریس وے کی تعمیر، لیسکو، حیسکو اور پیسکو میں بجلی کی تقسیم کے نظام میں بہتری کے منصوبے، تربیلا کا پانچواں توسیعی پن بجلی منصوبہ، جنوبی پنجاب میں غربت کے خاتمے کا منصوبہ، فل برائٹ اسکالر شپ سپورٹ پروگرام اور دیگر منصوبے شامل ہیں۔
ایکنک کمیٹی نے نظرثانی شدہ پی سی ونز پر بھی غور کیا اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور قواعد و ضوابط کی پابندی کا جائزہ لیا تاکہ ان منصوبوں پر بروقت عملدرآمد اور ترقیاتی وسائل کا موثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔