پاکستان اور عمان نے اعلیٰ سطح کے تبادلوں، تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ اور کثیرالجہتی فورمز پر مسلسل تعاون کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاقِ رائے منیلا میں آسیان ریجنل فورم کے موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسیدی کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔
دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعاون میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
عمان کے وزیر خارجہ نے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔
خطے کی حالیہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے جنگ بندی برقرار رکھنے، بین الاقوامی قانون کا احترام کرنے اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔