Friday, 24 July 2026, 02:54:52 am
 
وزیراعظم کا اناج ذخیرہ کرنے کی سہولتوں کو جدید بنانے کے چینی کمپنی کے منصوبے کا خیرمقدم
July 23, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کمپنی کے پاکستان میں اجناس کے سٹوریج مراکز کو سٹیٹ آف دی آرٹ مراکز میں تبدیل کرنے کے منصوبے کا خیرمقدم کیا ہے۔

وہ چینی کمپنی فیمسن (FAMSUN) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیک چین کی قیادت میں ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے، جس نے اسلام آباد میں اُن سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس منصوبے سے ملک کے زرعی شعبے میں جدید ترین ٹیکنالوجی آئے گی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین مثالی دوست ہیں، جن کے درمیان معاشی شراکت داری اور دوستانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس شراکت داری سے یہ دوستی مزید مستحکم ہو گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی افرادی قوت کی ہنرمندی اور تربیت کو ان منصوبوں کا حصہ بنایا جائے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جیک چین نے پاکستان میں پرتپاک میزبانی پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

اُنہوں نے وزیراعظم سے اُن کے حالیہ دورۂ چین کے دوران ہونے والی ملاقات کا بھی ذکر کیا، جس کے نتیجے میں وہ پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں اور غذائی تحفظ کے حوالے سے قابلِ عمل منصوبے پر بات چیت کی جا رہی ہے۔

جیک چین نے کہا کہ فیمسن پاکستان میں غذائی تحفظ کے حوالے سے بہتر سٹوریج مراکز، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور تربیت فراہم کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔

فیمسن زراعت، جانوروں کی خوراک اور فوڈ پراسیسنگ کے شعبوں میں چین کی بڑی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے۔