پرتگال کے ریاست اور امورِ خارجہ کے وزیر Paulo Rangel آج سے پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان نے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار پرتگال کے اپنے ہم منصب سے معاونین کے بغیر ملاقات کریں گے جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ دونوں رہنما ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے مشترکہ گفتگو بھی کریںگے۔
فریقین دوطرفہ تعلقات کا جائزہ اور تجارت و سرمایہ کاری کو وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔
دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی خیالات کا اظہار کریں گے۔
دورے کے دوران پاک ۔ پرتگال بزنس فورم کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
دونوں ملکوں کی کمپنیاں زرعی خوراک، قابلِ تجدید توانائی، ادویہ سازی ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں تجارتی شراکت داری اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کیلئے کاروباری ملاقاتیں کریں گی۔