وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے خواتین کو بااختیار بنانے، مساوی حقوق، تعلیم اور معاشی خودمختاری کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے آج استنبول میں خواتین کے ساتویں عالمی سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خواتین کو مساوی حقوق، باوقار مقام اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی، معاشی، سماجی اور پیشہ ورانہ شعبوں میں خواتین کی مکمل شمولیت پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیرِ قانون نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کم سن بچیوں کے تحفظ، تعلیم، بحالی اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے قابلِ قدر اقدامات کر رہا ہے۔
سربراہ اجلاس کے موقع پر پاکستانی وفد نے ترکیہ کی وزیر برائے خاندانی و سماجی خدمات ماہینور اوزدیمیر گوکتاش سے بھی ملاقات کی، جس میں خواتین کو بااختیار بنانے اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔