وزیراعظم شہباز شریف نے ریاض میں کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ پر حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے اپنے ایکس ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ جارحیت کے ایسے غیر ذمہ دارانہ اقدامات، جن میں شہری بنیادی ڈھانچے اور معاشی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہو، ناقابل قبول ہیں اور یہ علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرے کا باعث ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، برادر ملک سعودی عرب اور وہاں کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کے اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع اور اپنے شہریوں اور وہاں مقیم افراد کے تحفظ کے حق کی مکمل حمایت کرے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن واستحکام کیلئے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔