سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک دیو جی کے پانچ سو ستاون ویں جنم دن کے سلسلے میں تین روزہ تقریبات آج ننکانہ صاحب کے گوردوارہ جنم استھان میں شروع ہوگئیں۔
مرکزی تقریب پرکاش پُرب منگل کے روز منعقد ہوگی، جس میں سکھ یاتری اجتماعی طور پر اکھنڈ پاٹھ، پالکی صاحب اور شبد کیرتن سمیت دیگر خصوصی مذہبی رسومات ادا کریں گے۔
اس سے قبل، ان تقریبات میں شرکت کے لیے بڑی تعداد میں بھارتی سکھ یاتری آج واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچے۔
واہگہ بارڈر پر صوبائی وزیر اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے صدر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا۔
ادھر، ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستان، بالخصوص پنجاب کو امن، محبت، مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی سرزمین قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ مذہبی سیاحت کا فروغ دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت اور پُرامن تشخص کو اجاگر کرنے کا ذریعہ ہے۔