Wednesday, 23 September 2026, 03:41:48 am
 
وزیر اطلاعات کا ریڈیو پاکستان پشاور کی تزئین و آرائش کی گئی عمارت کا افتتاح
September 22, 2026

وزیراطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے آج ریڈیو پاکستان پشاور کی بحالی اور تزئین و آرائش کی گئی جدید ترین عمارت کا افتتاح کیا۔

انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظاہرین نے ریڈیو پاکستان پشاور کے تاریخی براڈکاسٹنگ ہاؤس کو نذر آتش کر دیا جہاں سے اردو اور پشتو زبانوں میں آزادی کا اعلان کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے عوام ان عناصر کو جانتے ہیں جنہوں نے ریڈیو پاکستان پشاور کو آگ لگائی، کارگل جنگ کے ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے مجسمے کو نقصان پہنچایا اور لاہور میں جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ کی۔

اس موقع پر پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے ڈائریکٹر جنرل سعید احمد شیخ نے کہا کہ دس مئی 2023 کے افسوسناک واقعے کے بعد پی بی سی پشاور سے نشریات چھبیس گھنٹے کے اندر بحال کر دی گئیں۔

بحالی کا منصوبہ دس کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے پانچ ماہ اور چھبیس دن کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا۔

اس سے قبل وفاقی وزیر نے تزئین و آرائش کی گئی عمارت کے مختلف حصوں اور اس کے میوزیم کا دورہ کیا اور بحالی کے کام کے معیار کی تعریف کی۔