وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے اس امر پر زور دیا ہے کہ امن، رواداری اور قومی یکجہتی کے پیغام کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے یہ بات دارالعلوم حقانیہ، اکوڑہ خٹک کے دورے کے دوران 'قومی پیغامِ امن کمیٹی' کے اراکین اور مذہبی علماء سے ملاقات کے موقع پر کہی۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی قیام امن، مذہبی ہم آہنگی اور دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیہ کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات قومی پیغام امن کمیٹی کے ذریعے امن و استحکام کا پیغام عوام تک پہنچا رہی ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات اور قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین نے دارالعلوم حقانیہ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ دارالعلوم کے مہتمم کی جانب سے انہیں ادارے کے تعلیمی اور دینی خدمات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے دارالعلوم کے احاطے میں واقع تاریخی جامع مسجد عبدالحق کا بھی دورہ کیا۔
قومی پیغام امن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے علماء کرام نے قیام امن اور قومی یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا۔