وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے آج سی ایم ایچ کوہاٹ کا دورہ کیا اور کوہاٹ واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد سے فرداً فرداً ملاقات کی۔
انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔
زخمیوں نے وفاقی وزیر کو دہشت گردی کے واقعہ سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا اور عیادت کے لیے آنے پر اظہار تشکر کیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب، ایمان اور عقیدہ نہیں۔
وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور انہیں حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔