فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے ملک کی اقتصادی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور حکومت دوطرفہ تعاون اور تجارت کو وسعت دینے کی خواہاں ہے۔
وہ پاکستان بزنس فورم فرانس کے زیرِ اہتمام منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ یہ تقریب میئرز اور کاروباری رہنماؤں پر مشتمل ایک ممتاز فرانسیسی وفد کے اعزاز میں ان کے حالیہ دورۂ پاکستان کے بعد منعقد کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ عوامی سطح پر مسلسل تبادلوں اور دونوں ممالک کے شہروں اور قصبوں کے درمیان روابط سے باہمی مفاہمت میں مزید اضافہ ہو گا اور پاک فرانس تعلقات مضبوط ہوں گے۔
فرانسیسی سینیٹ میں پاک فرانس فرینڈشپ گروپ کے ڈپٹی چیئرمین، سینیٹر راشد تیمل (Rachid Temal) نے بھی دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں عوامی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔