Friday, 20 November 2026, 02:17:51 am
 

مزید خبریں

 
پاکستان اور مالدیپ کا دو طرفہ تجارت کے فروغ کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام پر اتفاق
November 19, 2026

پاکستان اور مالدیپ دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپس قائم کرنے پر اصولی طور پر متفق ہو گئے ہیں۔

اس حوالے سے اتفاق رائے وزیر تجارت جام کمال خان اور مالدیپ کے وزیر برائے اقتصادی ترقی و تجارت محمد سعید کے درمیان ایک آن لائن ملاقات میں ہوا۔

وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انور چوہدری، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر خان اور سیکریٹری تجارت نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔

یہ مشترکہ ورکنگ گروپس کراچی اور مالے کے درمیان براہِ راست بحری سروس کے قیام کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔

فریقین نے پاکستان سے مالدیپ کو ضروری اشیاء کی برآمد میں سہولت دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ تعمیراتی سامان، چاول، چینی، پھل، سبزیاں، ادویات اور ٹیکسٹائل کو دوطرفہ تجارت کے ترجیحی شعبے قرار دیا گیا ہے۔

جام کمال نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستانی تجارتی وفد اگلے ماہ مالدیپ کا دورہ کرے گا۔محمد سعید نے کہا کہ پاکستان سے براہِ راست بحری رابطہ اور ضروری اشیاء کی درآمد مالدیپ کی فوری ترجیحات ہیں۔

وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے کہا کہ پاکستان کراچی اور مالے کے درمیان براہِ راست بحری سروس کا جائزہ لینے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بندرگاہوں، ماہی گیری اور بحری تربیت میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تعاون کے مواقع موجود ہیں۔

وزیر اعظم کے مشیر ہارون اختر خان نے کہا کہ براہِ راست بحری رابطے سے تعمیراتی سامان اور ہوٹل انڈسٹری کیلئے درکار اشیاء کی تجارت بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔