Thursday, 19 November 2026, 12:26:54 am
 
محمد اورنگزیب کا نجی سرمایہ کاری میں اضافے اور بین الاقوامی شراکت داری مضبوط بنانے پر زور
November 18, 2026

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے خطرات سے مشترکہ طور پر نمٹنے، جدید مالیاتی طریقہ کار کے ذریعے نجی سرمایہ کاری میں اضافے اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں و سرمایہ کاروں کے ساتھ مضبوط شراکت داری پر زور دیا ہے۔

وہ آج سنگاپور میں گلوبل ایس ایم ای فنانس فورم 2026 کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی ترقی، روزگار اور مسابقت کے موضوع پر وزارتی مکالمے سے خطاب کر رہے تھے۔

پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی مالی سہولیات تک رسائی بڑھانے، ڈیجیٹل مالیاتی شمولیت اور نجی سرمایہ کاری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے ایس ایم ایز کی ترقی کے لیے جدت، بین الاقوامی شراکت داری اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے سنگاپور فن ٹیک فیسٹیول 2026 میں پاکستان کے اِگنائٹ پویلین کا افتتاح کیا اور پاکستانی کمپنیوں ٹیکس نرڈ پاکستان، پنگ اپ، باغِ، فورٹانکسور ٹیکنالوجیز اور لینڈورس اور طوہا ٹیکنالوجیز کے نمائندوں سے ملاقات کی۔

شریک کمپنیوں کے نمائندوں نے انہیں اپنی مصنوعات، خدمات اور جدید مالیاتی ٹیکنالوجی کے حل کے بارے میں بریفنگ دی۔

محمد اورنگزیب نے اینٹ انٹرنیشنل کے پویلین کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں کمپنی کی خدمات اور طریقہ کار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔