وزیراعظم شہباز شریف نے کاروباری برادری کو یقین دلایا ہے کہ حکومت سرمایہ کاروں کے مسائل حل کرے گی اور ملک میں سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کرنے والی انتظامی رکاوٹیں دور کرے گی۔
وہ آج اسلام آباد میں امریکن بزنس کونسل پاکستان سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی خاطر شفافیت ناگزیر ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت زراعت، صنعت، مصنوعی ذہانت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کان کنی و معدنیات کے شعبوں میں ترقی کے ذریعے معیشت کو نہ صرف مستحکم بلکہ متحرک بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری کاروباری برادری کو سہولت اور تعاون فراہم کرنا ہے، جبکہ نجی شعبے کو معاشی تبدیلی اور ترقی میں قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔
علاقائی صورتحال کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دوست ممالک کے تعاون سے ایران اور امریکہ کے ساتھ روابط کے ذریعے خطے میں امن کی بحالی کے لیے انتھک سفارتی کوششیں کر رہا ہے۔
انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ علاقائی امن کی بحالی سے پاکستان کی معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔