صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہر بچے کے تحفظ اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے عزم کی تجدید کرنے پر زور دیا ہے۔
آج بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں صدر، وزیراعظم نے کہا کہ بچوں کا عالمی دن ہمیں ہر بچے کی حفاظت کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کی ذمہ داری یاد دلاتا ہے کہ ہر نوجوان کو آگے بڑھنے، سیکھنے اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملے۔
اپنے پیغام میں صدر نے کہا کہ پاکستان کو ایک ایسا ملک بنانا ہوگا جہاں ہر بچہ محفوظ ماحول میں تعلیم حاصل کر سکے، عزت و وقارکیساتھ پروان چڑھے اور امید کے ساتھ روشن مستقبل کی طرف دیکھے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بچوں کی مکمل نشوونما کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھانے کے عزم کی تجدید کرتا ہے جس میں ان کی جسمانی اور ذہنی صحت، فکری ترقی، تعلیم اور ان کے بنیادی حقوق کا تحفظ شامل ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک بھر میں دانش سکولوں کا قیام معیاری تعلیم فراہم کرنے اور بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے، پہچاننے اور پروان چڑھانے کی ہماری کوششوں کا حصہ ہے۔