وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت نے وفاقی اداروں میں بدعنوانی کے خطرات اور انتظامی کمزوریوں کی نشاندہی کے لیے ملک گیر سطح پر جامع جائزہ مکمل کر لیا ہے۔
انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران نشر کیے گئے ویڈیو پیغام میں کہی۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بدعنوانی کے خطرات کے قومی جائزے میں پچیس وفاقی اداروں کا احاطہ کیا گیا، جبکہ ان میں سے دس اداروں کے لیے تفصیلی اشاریے تیار کیے گئے ہیں۔
وزیر قانون نے کہا کہ وفاقی اداروں کے لیے تقریباً چار سو اصلاحاتی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت تمام شعبوں میں شفافیت اور ڈیجیٹل نظام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تمباکو، چینی اور ٹائلز کے شعبوں میں اشیا کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے نگرانی کے نظام نافذ کر دیے گئے ہیں۔