Saturday, 21 November 2026, 02:11:59 am
 
اسحاق ڈار کا ترکیہ کے ساتھ توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں طویل مدتی شراکت داری کے عزم کا اعادہ
November 20, 2026

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش، معدنیات اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں ترکیہ کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وہ آج کراچی میں ترکیہ کے ارضیاتی تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس کے استقبال کے لیے ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اسحاق ڈار نے اس مشن کے لیے ترک شراکت داروں کو حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور بحری و ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔

نائب وزیراعظم نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور ترک پیٹرولیم اور پاکستان کی قومی توانائی کمپنیوں کے درمیان تعاون کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ ارضیاتی سروے سے قیمتی معلومات حاصل ہوں گی، جو پاکستان میں مستقبل میں سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کے لیے رہنمائی فراہم کریں گی۔