چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی رابطے کے ذریعے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے اور خیبر پختونخوا میں سخت جدوجہد سے حاصل کیے گئے امن و استحکام کو برقرار رکھنے کیلئے سیکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کے دورے کے دوران کیا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے خیبر پختونخوا پولیس کو ایک بہادر فرنٹ لائن فورس قرار دیتے ہوئے دہشت گردی اور فتنہ الخوارج کے خلاف اس کی استقامت اور قربانیوں پر فخر کا اظہار کیا۔
دورے کے دوران سید عاصم منیر کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال، خفیہ اطلاعات پر مبنی جاری آپریشنز اور انسدادِ دہشت گردی کی مسلسل کوششوں سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مربوط کرنے اور علاقے میں پائیدار امن و استحکام یقینی بنانے کیلئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی اور وطن عزیز کے دفاع اور سلامتی کیلئے ان کی بہترین تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔